کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 159
خاوند بیوی کے حقوق اہم عناصر خطبہ : 1۔بیوی پر خاوند کے حقوق 2۔خاوندپر بیوی کے حقوق پہلا خطبہ قابلِ صد احترام بھائیو ! آپ کو یاد ہو گا کہ گذشتہ خطبۂ جمعہ میں ہم نے نکاح کی اہمیت ، نکاح کے فوائد اور کامیاب ازدواجی زندگی کے چند اصول قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کئے تھے۔اور اُس ضمن میں ہم نے یہ بھی بتایا تھا کہ خاوند بیوی کی ازدواجی زندگی کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری کریں اور ان میں سے کوئی ایک دوسرے کے حقوق سلب نہ کرے اور پچھلے خطبہ ہی میں ہم نے یہ بھی عرض کیا تھا کہ خاوندبیوی کے حقوق تین قسم کے ہوتے ہیں : (۱) مشترکہ حقوق ( ۲) بیوی پر خاوند کے حقوق (۳) خاوند پر بیوی کے حقوق اور ہم نے پہلی قسم کے حقوق تو پچھلے خطبہ میں ہی بیان کردئیے تھے اب آئیے باقی حقوق بھی سماعت فرما لیجئے ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حق کہنے ، سننے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دے ۔ بیوی پر خاوند کے حقوق 1۔ خاوند کی خدمت عرفِ عام اور دستور کے مطابق خاوند کی خدمت کرنا بیوی پر خا وند کا حق ہے ۔ چنانچہ حضرت حصین بن محصن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان کی پھوپھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور جب وہ اپنی حاجت سے فارغ ہو گئیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا:کیا تمھارا خاوند موجود ہے ؟ اس نے کہا : جی ہاں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا : تم اس سے کیسا سلوک کرتی ہو ؟اس نے کہا:میں ہر طرح سے اس کی خدمت کرتی ہوں سوائے اس کے کہ میں عاجزآ جاؤں۔تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( فَانْظُرِیْ أَیْنَ أَنْتِ مِنْہُ،فَإِنَّمَا ہُوَ جَنَّتُکِ وَنَارُکِ))