کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 151
اورہم سب کے اسوۂ حسنہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیویوں سے اسی محبت وپیار کا اظہار فرماتے تھے ۔ چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ ’’ میں جب حالتِ حیض میں ہوتی اور پانی پیتی تو میں بچا ہوا پانی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کرتی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسی جگہ سے پانی پیتے جہاں سے میں نے پیا ہوتا ۔ اسی طرح میں جب کھانے کے دوران ایک ہڈی سے گوشت کاٹتی اور وہی ہڈی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کرتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسی جگہ پر منہ رکھ کر گوشت کاٹتے جہاں میں نے منہ رکھ کر گوشت کاٹا ہوتا ۔ ‘‘[1] اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہی بیان کرتی ہیں کہ ایک مرتبہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر میں تھی تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دوڑ میں مقابلہ کیا اور میں مقابلے آپ سے آگے بڑھ گئی ۔ پھر جب میرا جسم بھاری ہو گیا اور ہم دونوں میں ایک بار پھر مقابلہ ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے آگے بڑھ گئے اور آپ نے فرمایا : (( ہٰذِہِ بِتِلْکَ )) یعنی ’’ میری یہ جیت تمھاری اُس جیت کے بدلے میں ہے ۔ ‘‘[2] ان دونوں احادیث سے ( اور ان کے علاوہ دیگر بہت سی احادیث سے ) معلوم ہوتا ہے کہ خاوند بیوی ایک دوسرے سے محبت وپیار کے ساتھ زندگی بسر کریں ، دونوں خوشی وغمی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور اگر کبھی ان دونوں میں کوئی بات ایک دوسرے کی ناراضگی کا باعث بنے تو دونوں ایک دوسرے سے در گذر کرتے ہوئے اسے اچھے انداز میں حل کرلیں ۔ ایک مرتبہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’ کیا میں تمھیں جنتی عورتوں کے متعلق نہ بتاؤں ؟ ‘‘ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے کہا : کیوں نہیں اے اللہ کے رسول! تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ ہر وہ عورت جو خاوند سے محبت کرنے والی اور زیادہ بچے جننے والی ہو اور جب اسے غصہ آئے یا اس سے بد سلوکی کی جائے یا اس کا خاوند اس پر ناراض ہو جائے تو وہ خاوند کے پاس جا کر اس سے کہے : یہ میرا ہاتھ تیرے ہاتھ میں ہے ، میں اس وقت تک کوئی بناؤ سنگھار نہیں کرونگی جب تک تم راضی نہیں ہو جاتے ۔ ‘‘[3]
[1] صحیح مسلم،الحیض :300 [2] أحمد: 39/6،سنن أبی داؤد،الجہاد باب فی السبق علی الرجل:2578،سنن ابن ماجہ،النکاح باب حسن معاشرۃ النساء:1979،وصححہ ابن حبان 4691،والألبانی فی صحیح أبی داؤد :2248 [3] السلسلۃ الصحیحۃ :287