کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 139
’’ جو شخص اپنا کپڑا تکبر کے ساتھ گھسیٹے اللہ تعالیٰ روزِ قیامت اس کی طرف دیکھنا تک گوارا نہیں کرے گا ۔‘‘
یہ سن کر حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا : ( فَکَیْفَ یَصْنَعْنَ النِّسَائُ بِذُیُوْلِہِنَّ )
عورتیں اپنی چادروں کے کناروں کا کیا کریں ؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ( یُرْخِیْنَ شِبْرًا) ’’ ایک بالشت تک لٹکا لیا کریں۔ ‘‘ تو ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا : (( إِذًا تَنْکَشِفُ أَقْدَامُہُنَّ)) تب تو پیر ننگے ہو جائیں گے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :( فَیُرْخِیْنَہُ ذِرَاعًا لَا یَزِدْنَ عَلَیْہِ ) ’’وہ ایک ہاتھ تک انھیں لٹکا لیا کریں ، اِس سے زیادہ نہیں۔ ‘‘[1]
اس حدیث میں ذرا غور فرمائیں کہ اس وقت کی پاکباز خواتین کس قدر پورے جسم کے پردے کا خیال کرتی تھیں کہ انھیں اپنے پاؤں تک کو ننگا کرنا گوارا نہ تھا ، جبکہ اس دور کی خواتین پاؤں تو کیا پنڈلیوں بلکہ گھٹنوں تک اپنی ٹانگیں ننگی کرکے پھرتی رہتی ہیں اور انھیں ذرا بھی احساس نہیں ہوتا کہ وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کا ارتکاب کر رہی ہیں ۔
اللہ تعالیٰ تمام مسلمان عورتوں کو ہدایت دے اور انہیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے ۔ آمین
برادرانِ اسلام ! ہم نے اب تک فرضیتِ پردہ کے جو دلائل ذکر کئے ہیں اگر آپ نے ان دلائل کو بغور سن لیا ہے تو اب ذرا اپنے ضمیر سے پوچھیں کہ کیا اس کے بعد بھی کسی خاتون کیلئے جائز ہے کہ وہ پردہ کئے بغیر گھر سے باہر نکلے ؟ اپنا لباس ، اپنے زیورات اور اپنی زیب وزینت کو غیر محرم مردوں کے سامنے ظاہر کرکے انھیں دعوتِ نظارہ دیتی رہے ؟ کیا یہ دلائل جاننے کے بعد بھی کسی سرپرست یا والدین کیلئے یہ درست ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی بیوی یا بیٹی یا بہن کو پردہ کے بغیر گھر سے باہر جانے کی اجازت دے ؟ کیا قرآن وحدیث کی ان واضح تعلیمات کو جاننے کے بعد یہ ضروری نہیں ہو جاتا کہ خواتینِ اسلام سرِ تسلیم خم کرتے ہوئے فورا ان پر عمل در آمد کریں اور پردے کی پابندی شروع کردیں ؟ اور کیا والدین کیلئے ضروری نہیں ہو جاتا کہ وہ ابتداء ہی سے اپنی بیٹیوں کو پردے کا پابند بنائیں تاکہ وہ بڑی ہو کر بھی اس کی پابندی کرتی رہیں؟
ہم اپنے غیور بھائیوں اور لائقِ احترام ماؤں اور بہنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ڈریں اور سب مل کر مغرب کے گمراہ کن افکار کا مقابلہ کریں اور اپنی بیویوں ، بیٹیوں اور بہنوں کو عفت وپاکدامنی کا تاج پہنا کر انھیں بے پردگی،اختلاط اور عریانی سے محفوظ رکھیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہمیں اپنے اَحکامات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین ثم آمین
[1] سنن الترمذی :1731: حسن صحیح ۔ وصححہ الألبانی