کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 134
’’ اور جب تم ان سے کوئی چیز طلب کرو تو پردے کے پیچھے سے طلب کرو ۔ یہ تمھارے اور ان کے دلوں کیلئے کامل پاکیزگی ہے ۔ ‘‘
یہ آیت ’’ آیۃ الحجاب ‘‘ یعنی ’ پردے کی آیت ‘ کے نام سے معروف ہے کیونکہ پردے کی فرضیت کے متعلق یہ پہلی آیت تھی اور یہ ماہِ ذو القعدہ ۵ھ میں نازل ہوئی ۔ اِس کے شانِ نزول کے بارے میں حضرت انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گذارش کی : اے اللہ کے رسول ! آپ کے پاس اچھے برے ہر طرح کے لوگ آتے ہیں تو کاش آپ امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن کو پردہ کرنے کا حکم دیں ۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔ [1]
یہ آیت اگرچہ امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن کے بارے میں نازل ہوئی لیکن اس میں پردے کا حکم تمام خواتین ِ اسلام کیلئے تھا اور اب تک ہے اور اسی طرح رہے گاکیونکہ اس آیت کے نزول کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں اپنی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کو پردہ کرنے کا حکم دیا وہاں تمام صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے بھی اپنی خواتین کو اس پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا اورپردہ کرنے کی جو حکمت اس آیت میں ذکر گئی ہے کہ یہ تمھارے اور ان کے دلوں کیلئے کامل پاکیزگی ہے ،یہی حکمت اس بات کی دلیل ہے کہ آیت میں پردہ کرنے کا حکم عام ہے اور اس میں تمام خواتینِ اسلام شامل ہیں، کیونکہ جب پردہ کرنے سے امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن جیسی پاکباز خواتین کے دل پاکیزہ رہیں گے تو باقی خواتین کیلئے تو اس پر عمل کرنا اور بھی ضروری ہو گا تاکہ ان کے دلوں میں بھی پاکیزگی آئے ۔
2۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿یَا أَیُّہَا النَّبِیُّ قُلْ لِأَزْوَاجِکَ وَبَنَاتِکَ وَنِسَائِ الْمُؤْمِنِیْنَ یُدْنِیْنَ عَلَیْہِنَّ مِنْ جَلاَبِیْبِہِنَّ ذٰلِکَ أَدْنیٰ أَنْ یُّعْرَفْنَ فَلاَ یُؤْذَیْنَ ﴾[2]
’’ اے نبی ! اپنی بیویوں سے ، اپنی بیٹیوں سے اور تمام مسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنے اوپر اپنی چادریں لٹکا لیا کریں ۔ اس سے بہت جلد ان کی شناخت ہو جایا کرے گی ، پھر انھیں ستایا نہیں جائے گا ۔ ‘‘
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن اور آپ کی صاحبزادیوں سمیت تمام خواتینِ اسلام کو حکم دیا ہے کہ وہ ایک بڑی چادر کے ذریعے سر سے لیکر پاؤں تک مکمل پردہ کیا کریں اور اس کی حکمت یہ بیان فرمائی کہ اس سے ان کی پہچان ہو جائے گی کہ یہ شریف گھرانوں کی باعزت اور باحیا خواتین ہیں۔ اس لئے کوئی شخص انھیں ستانے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔ اِس آیت سے معلوم ہوا کہ پردہ کرنا شرافت اور حیاء کی
[1] صحیح البخاری:4790
[2] الأحزاب33 :59