کتاب: زاد الخطیب (جلد2) - صفحہ 116
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : خبر دار ! وہ تمہارے بھائی اور تمہاری قوم سے ہی ہونگے ۔ اور وہ رات کو اسی طرح قیام کریں گے جیسا کہ تم کرتے ہو لیکن وہ ایسے لوگ ہونگے کہ جب خلوت میں انھیں اللہ تعالیٰ کی حرام کردہ چیزیں ملیں گی تو وہ ان سے اپنا دامن نہیں بچائیں گے۔ ‘‘ اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشین گوئی فرمائی ہے کہ اس امت میں کئی لوگ ایسے آئیں گے جو بڑے بڑے نیک اعمال کریں گے اور تہجد گذار بھی ہونگے لیکن جب وہ خلوت میں جائیں گے تووہاں اللہ کی طرف سے حرام قرار دئیے گئے کاموں کا ارتکاب کریں گے اورجب یہ لوگ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضر ہونگے تو وہ ان کی بڑی بڑی نیکیوں کو ان کے بڑے بڑے گناہوں کی وجہ سے ضائع کر دے گا جنہیں وہ خلوت میں کیا کرتے تھے ۔ اس لئے ہم سب کو ظاہر وباطن میں ، جلوت اور خلوت میں اللہ تعالیٰ سے ڈرنا چاہئے اور اس کی حرام کردہ چیزوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو تمام محرمات سے پرہیز کرنے کی توفیق دے اور اپنا حقیقی خوف نصیب فرمائے۔ آمین