کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 96
فضائلِ صحابہ رضی اللہ عنہم
اہم عناصرِ خطبہ :
1۔ صحابی کی تعریف 2۔صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل قرآن مجید میں
3۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل احادیث ِ نبویہ میں
4۔ انصارِ مدینہ رضی اللہ عنہم کے فضائل
5۔ اہلِ بدر رضی اللہ عنہم کے فضائل 6۔ اہلِ اُحد رضی اللہ عنہم کے فضائل
7۔ بیعتِ رضواں میں شریک ہونے والے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل
8۔صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے متعلق اہل السنۃ والجماعۃ کا عقیدہ
پہلا خطبہ
برادران اسلام !آج کے خطبہ میں ہم رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل ومناقب بیان کریں گے ۔
٭ وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کہ جن کی تعریف خود اﷲ رب العزت نے اپنی سب سے مقدس کتاب قرآن مجید میں کی ۔اس کے علاوہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی متعدد احادیث مبارکہ میں اپنے ان ساتھیوں کی ستائش کی ۔
٭ وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کہ جو وحیِ الٰہی کے سب سے پہلے مخاطب تھے ۔
٭ جنہوں نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اپنے کانوں سے ان کے فرامین سنے ۔
٭ جنہوں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک ایک سنت کو یاد کیا اور اسے امت تک پہنچایا ۔
٭ جنہوں نے دین ِ اسلام کی خاطر اپنا سب کچھ حتی کہ اپنی جانوں تک کو قربان کردیا اور شیوۂ فرمانبرداری کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک پڑھی اور سنی جاتی رہیں گی ۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضائل ومناقب ذکر کرنے سے پہلے ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ’’ صحابی ‘‘ کسے کہتے ہیں ؟
حافظ ابن حجر رحمہ اﷲ نے ’’ صحابی ‘‘ کی تعریف یوں کی ہے :