کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 80
حافظ ابن کثیر رحمہ اﷲ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے نقل کیا ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے ظلم کو سال کے بارہ مہینوں میں حرام قرار دیا ہے ، پھر ان میں سے چار مہینوں کو خاص کردیا ہے کیونکہ ان میں برائی اور نافرمانی کا گناہ زیادہ ہوجاتا ہے اور نیکی اور عمل صالح کا اجر وثواب بڑھ جاتا ہے۔
اور امام قتادۃرحمہ اﷲ { فَلاَ تَظْلِمُوْا فِیْہِنَّ أَنْفُسَکُمْ} کے بارے میں کہتے ہیں :
’’ حرمت والے مہینوں میں ظلم کا گناہ اور بوجھ دوسرے مہینوں کی نسبت کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ اور ظلم کا گناہ اگرچہ ہر وقت بڑا ہوتا ہے لیکن اﷲ جس مہینے کو چاہے اس میں ظلم کا گناہ اور بڑا کردے ، جیسا کہ اﷲ تعالیٰ نے فرشتوں میں سے پیامبر فرشتوں کو چن لیا ، کلام میں سے قرآن مجید کو چن لیا اور پوری سرزمین میں سے مساجد کو چن لیا ۔ اسی طرح مہینوں میں سے ماہ رمضان اور حرمت والے چار مہینوں کو چن لیا ، دنوں میں سے یومِ جمعہ کو چن لیااور راتوں میں سے لیلۃ القدر کو چن لیا۔ تو اﷲ تعالیٰ جسے چاہے عظمت دے دے ، لہٰذا تم بھی اسے عظیم سمجھو جسے اﷲ تعالیٰ عظیم سمجھتا ہے۔ ‘‘[1]
میرے مسلمان بھائیو ! سال بھر میں عموما اور ان چار مہینوں میں خصوصا ہم سب کو اﷲ تعالیٰ کی نافرمانی سے اجتناب کرنا چاہئے اور گناہوں سے اپنا دامن پاک رکھنا چاہئے ، کیونکہ گناہوں اور نافرمانیوں کی وجہ سے دل زنگ آلود ہوجاتا ہے۔جیسا کہ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے :
{ کَلَّا بَلْ رَانَ عَلیٰ قُلُوْبِہِمْ مَّا کَانُوْا یَکْسِبُوْنَ }[2]
’’ یوں نہیں ، بلکہ ان کے دلوں پر ان کے اعمال کی وجہ سے زنگ چڑھ گیا ہے ۔‘‘
اور رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:( إِنَّ الْمُؤْمِنَ إِذَا أَذْنَبَ کَانَتْ نُکْتَۃً سَوْدَائَ فِیْ قَلْبِہٖ،فَإِنْ تَابَ وَنَزَعَ وَاسْتَغْفَرَ صُقِلَ قَلْبُہُ،وَإِنْ زَادَ زَادَتْ حَتّٰی یَعْلُوَ قَلْبَہُ ،فَذَلِکَ الرَّیْنُ الَّذِیْ ذَکَرَ اللّٰه عَزَّ وَجَلَّ فِیْ الْقُرْآنِ:{کَلَّا بَلْ رَانَ عَلیٰ قُلُوْبِہِمْ مَّا کَانُوْا یَکْسِبُوْنَ }[3]
’’مومن جب گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نقطہ پڑ جاتا ہے ، پھر اگر وہ توبہ کرلیتا ہے اور اس گناہ کو چھوڑ کرمعافی مانگ لیتا ہے تو اس کے دل کو دھودیا جاتا ہے۔اور اگر وہ گناہ پر گناہ کئے جاتا ہے تو وہ سیاہی بڑھتی چلی جاتی ہے یہاں تک کہ اس کے دل پر چھاجاتی ہے ۔ تو یہی وہ ( رَین ) ’’ زنگ ‘‘ ہے جس کا اﷲ تعالیٰ نے قرآن میں تذکرہ کیا ہے : { کَلَّا بَلْ رَانَ عَلیٰ قُلُوْبِہِمْ مَّا کَانُوْا یَکْسِبُوْنَ}
[1] تفسیر ابن کثیر: 468/2
[2] المطففین83 :14
[3] سنن الترمذی:3334:حسن صحیح ، ابن ماجۃ 4244وحسنہ الألبانی