کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 78
ماہِ محرم اور یومِ عاشوراء
اہم عناصرِ خطبہ :
1۔ ماہِ محرم کی اہمیت
2۔حرمت والے چار مہینے اور ان کے خاص اَحکام
3۔گناہوں کے آثار 4۔ ماہِ محرم میں نوحہ اور ماتم
5۔ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت 6۔ ماہِ محرم اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم
7۔ ماہِ محرم میں روزہ کی فضیلت 8۔ تاریخ قدیم میں یوم عاشوراء کی اہمیت
9۔ صومِ عاشوراء کی اہمیت وفضیلت
پہلا خطبہ
محترم حضرات!ماہ ِ محرم عظیم الشان اور مبارک مہینہ ہے۔یہ ہجری سال کا پہلا مہینہ اور حرمت والے چار مہینوں میں سے ایک ہے ۔
فرمانِ الٰہی ہے:{اِنَّ عِدَّۃَ الشُّہُوْرِ عِنْدَ اللّٰه اثْنَا عَشَرَ شَہْرًا فِیْ کِتَابِ اللّٰه یَوْمَ خَلَقَ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ مِنْہَآأَرْبَعَۃٌ حُرُمٌ ذٰلِکَ الدِّیْنُ الْقَیِّمُ فلَاَ تَظْلِمُوْا فِیْہِنَّ أَنْفُسَکُمْ}[1]
’’بے شک مہینوں کی گنتی اﷲ کے نزدیک لوح محفوظ میں بارہ ہے ، اور یہ اس دن سے ہے جب سے اﷲ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے ، ان میں سے چار مہینے حرمت وادب کے ہیں ، یہی مضبوط دین ہے ۔ لہٰذا تم ان مہینوں میں اپنی جانوں پر ظلم نہ کرو۔ ‘‘
یعنی ابتدائے آفرینش سے ہی اﷲ تعالیٰ کے نزدیک سال کے مہینوں کی تعداد بارہ ہے ، ان میں سے چار مہینے حرمت والے ہیں ۔
حرمت والے چار مہینے کون سے ہیں ؟ اس کے بارے میں ایک حدیث سماعت فرمائیے :
حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
[1] التوبۃ9:36