کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 75
کے مرنے کے بعد بھی باقی رہتی ہے ۔‘‘
زاد الخطیب ایک نظر میں
خطباء و مبلغین اور دعاۃ اسلام کے لیے زاد راہ،علمی مواد اور منہج سلف صالحین کے مطابق معلومات کاذخیرہ فراہم کرنا یقینا عظیم عمل اور دین حقہ کی بہت بڑی خدمت اور دعاۃ ومبلغین کا بطریق احسن علمی تعاون ہے ۔ اسی لیے علماء نے ہر دور میں یہ زریں کارنامہ سر انجام دینے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ خطباء ودعاۃ جن کے پاس مصادر ومراجع متوفر نہیں یاوقت کی قلت ہے ان کے لیے سہولت میسر آسکے ۔ ماضی قریب میں اردو زبان میں خطبات کے مجموعہ جات جن سے شاید ہی کسی خطیب ومبلغ کی لائبریری خالی ہو(اگر اس کی لائبریری ہو تو)ان میں سے مولانا عبدالسلام بستوی رحمہ اللہ کی اسلامی خطبات دو جلدوں میں اور مولانا محمد جونا گڑھی رحمہ اللہ کی خطبات محمدی ایک ضخیم جلد میں مطبوع ، مولانا محمد داؤد راز رحمہ اللہ کی خطبات نبوی ایک جلد میں قابل ذکر ہیں۔ مکتبہ سلفیہ والوں نے مولانا بستوی کے خطبات کی تلخیص بڑے خوبصورت انداز میں خطبات جمعہ کے نام سے ایک جلد میں شائع کر دی ہے اور اس کے علاوہ دیگر کئی مجموعۂ خطبات بازار میں موجود ہیں لیکن زیر نظر مجموعہ زاد الخطیب اردو زبان میں اپنی نوعیت کا منفردمجموعہ ہے جو دو حصوں پر مشتمل ہے ہر جلد میں ۲۵ خطبات ہیں۔ پہلی جلد کے خطبات کو سال بھر کے مواسم،مناسبات اور وقائع واحداث کے اعتبار سے ترتیب دیا گیا ہے جبکہ دوسرا حصہ متنوع خطبات پر مشتمل ہے۔جس میں فاضل مرتب نے ا یسا امتیازی اور منفرد انداز نگارش اختیار کیا ہے جو اسے تمام دیگرمجموعہ ہائے خطبات سے ممتاز کرتا ہے :مثلاً
1۔خطبہ کے شروع میں ترتیب وار عناصر خطبہ کا ذکر۔
2۔نصوص کی حسن ترتیب اور تشکیل وتعریب کا اہتمام ۔
3۔قرآن کریم کی صحیح اور سلف صالحین سے منقول تفسیربالماثور ۔
4۔ احادیث کی صحت کے التزام کے ساتھ ان کی تخریج وتعلیق اور پھر ان کی تشکیل کا اہتمام اور منہج سلف کے مطابق ان کی تشریح وتوضیح۔
5۔منہجیت اوراصلاح عقائد واعمال کا نقطہ نظر اصلی غرض وغایت۔
6۔موضوع کا تمام پہلوؤں سے احاطہ۔
7۔حشو وزوائد اور بے جا اور غیر متعلقہ مواد سے بالکل خالی ۔