کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 7
تقاریظ
از شیخ الحدیث مولانا حافظ ثناء اللہ مدنی صاحب حفظہ اللہ
الحمد للّٰه والصلوۃ والسلام علی من لا نبی بعدہ،،
زیرِ نظر کاوش مسمی ’’ زاد الخطیب ‘‘ تلمیذ رشید محترم ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہدحفظہ اللہ کی تصنیف لطیف جامع مجموعہ ہے ۔ جس میں ایک داعیہ، واعظ اور مبلغ کے لئے سال بھر کی ضرورت کے مختلف عناوین و مضامین اور خطبات کا احاطہ کرنے کی سعی کی گئی ہے ۔جس کا دارومدار اور انحصار موضوع ،من گھڑت روایات اور قصہ گوئی کے بجائے کتاب وسنت کی صحیح نصوص پر ہے ۔مستمع اور قاری یقینااس سے لذت محسوس کرتا ہے کہ واقعی ملفوظات ہذا مشکوٰۃِ نبوت سے صادر شدہ ہیں،جو اُخروی زندگی سنوارنے کی بہترین اساس ہیں ۔
اس موضوع پر بہت ساری کتابیں بنامِ ’ خطبات ‘ بازار میں دستیاب ہیں لیکن اکثروبیشتر رطب ویابس سے چنداں خالی نہیں جو کہ عام آدمی کی تربیت و اصلاح کے بجائے تعلیماتِ نبوی سے دوری کا باعث بنتی ہیں جس سے بگاڑ در بگاڑ جنم لیکر’’من کذب علي متعمدا ‘‘کا نقشہ نظر آنے لگتا ہے،اس سے بچاؤ کا واحد ذریعہ شریعت الٰہیہ کا تقیّد ہے۔ اوائل سلف تا حیات اس کو نصب العین بنانے پر جنت ِ خلد کے وارث قرار پائے اس لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعیناور تابعین وتبع تابعین عظام اور ائمہ مشاہیرکے زریں اقوال وآثار خلف کے لیے بہترین قسم کے راہنما ہیں۔ جنہوں نے مردہ روحوں کو جلا بخشی،بدعات سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے اس موضوع پر تحریر شدہ کتابیں بالعموم اور کتا ب ’ الابداع فی مضار الابتداع ‘ کا مطالعہ ازبس ضروری ہے تاکہ داعیہ علی وجہ البصیرت صراط مستقیم کا انتخاب بآسانی کر سکے۔
واضح ہو کہ جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کویت میں سلفی فکر ونظر اور منہج کا حامل ادارہ ہے جسکی دینی خدمات دنیاکے اکناف واطراف میں پھیلی ہوئی نصف النہار کی طرح عیاںہیں۔ ایک ہزار سے زیادہ دعاۃ ومبلغین اسکے تحت دینی خدمات پر مامور ہیں۔ بزرگ علماء اور ایتام وغیرہ کی کفالت اس کے مشن کا اہم جزء ہے اور دنیا بھر میں مسجدوں کے تعمیر اور اقامتِ مشاریع اور وقفِ مزارع اس کا امتیازی نشان ہے۔اسکے سرپرستِ اعلیٰ جناب شیخ طار ق العیسیٰ حفظہ اللہ ہیں جنہوں نے عرصہ دراز سے نیک کاموں کے لیے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا ہے ۔پھر ان کو مخلص احبا ب کی ٹیم میسر ہے جو ہمہ تن ادارہ کی ترقی کیلئے کو شاں ہے، بالخصوص ہمارے مخلص دوست شیخ فلاح المطیری حفظہ اللہ رئیس لجنۃ القارۃ الہندیہ جن کی خدمات بہت نمایاں ہیں۔
ضخیم مجموعہ ہذا ڈاکٹر صاحب کی محنت کا ثمر ہے جو قابلِ تعریف اور لائقِ ستائش ہے ۔
اللہ رب العزت آپ کی مساعیٔ جمیلہ کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔(آمین یارب العالمین)
الراقم:ثناء اللہ بن عیسیٰ خان (رئیس مرکز انصار السنۃ ،لاہور ،باکستان)
تحریرا فی: ۰۶/۰۵/۲۰۰۸م