کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 6
لجنۃ القارۃ الہندیۃ(کویت)نے کچھ عرصہ قبل دعوت و ارشاد کے اس مبارک عمل میں شریک کاربننیاور اپنے خطباء و دعاۃ کی تزوید معلومات اور تسہیل برنامج کی غرض سے منہج سلف کے مطابق خطبات کا ایک ایسا مجموعہ مرتب کرنے کا منصوبہ تشکیل دیاتھا جو کہ علم و تحقیق کے معیار پر پورااترنے کے ساتھ ساتھ عام فہم اور سہل الاسلوب بھی ہو ۔اور اس علمی منصوبہ کو عملی جا مہ پہنانے کی ذمہ داری ہم نے اپنے فاضل بھائی ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد کو تفویض کی تھی ۔
الحمد للہ موصوف نے انتہائی جانفشانی اورعرق ریزی کے ساتھ شبانہ روز محنت کرکے بڑی حسن و خوبی اور مہارت و لیاقت کے ساتھ اس خا کے میں رنگ بھرا اور اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خطباء ومبلغین کیلئے ایک گرانقدرعلمی مرقع اور جامع دستاویزمرتب کر کے بہت بڑی دعوتی خدمت سر انجام دی ہے ۔میں اس مشروع کی تکمیل پراس کے مرتب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اوراللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمارے فاضل بھائی کی اس خدمت کو قبول و منظور فرمائے اور اسے ہم سب کیلئے ذخیرۂ آخرت بنائے۔آمین!
میں اپنے برادرانِ گرامی قدر حضرات خطباء و مبلغین کی خدمت میں ( زاد الخطیب)جیسا بیش قیمت تحفہ پیش کرتے ہوئے روحانی مسرت اور قلبی راحت محسوس کررہا ہوں ۔ اور توقع کرتا ہوں کہ ہمارے دعاۃ و مبلغین اس سے بھر پور طریقے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لو گوں تک پیغامِ حق پہنچائیں گے اور دنیوی و اخروی سعادتوں کے حصول کے لئے مشفقانہ اور ہمدردانہ جذبات کے ساتھ ان کی رہنمائی کریں گے۔ اِس مجموعہ سے استفادہ کرنے والوں سے میری اپیل ہے کہ وہ لجنۃ القارۃ الہندیۃ کے جملہ احباب اوراس کی اعداد و تقدیم میں کسی طرح سے بھی حصہ ڈالنے والے بہی خواہانِ امت کو اپنی پر خلوص دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
أخوکم فی اللّٰه / فلاح خالد المطیری
رئیس لجنۃ القارۃ الہندیۃ(کویت)