کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 586
اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ہم اسے خود بھی سیکھیں اور اپنی اولاد کو بھی سکھلائیں ۔خود بھی اس میں غور فکر کریں اور اولاد کو بھی حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ اس کا ترجمہ وتفسیر بھی پڑھائیں تاکہ اس سے نصیحت حاصل ہو سکے ، کیونکہ قرآن مجید کا معنی ومفہوم معلوم کئے بغیر اس سے نصیحت حاصل کرنا ناممکن ہے ۔
قرآن مجید دنیوی اور اخروی بھلائیوں کی طرف انسان کی راہنمائی کرتا ہے اور ایسا مضبوط راستہ دکھلاتا ہے جو انسان کو جنت تک پہنچا دیتا ہے ۔
فرمان الٰہی ہے :{ إِنَّ ہَـذَا الْقُرْآنَ یِہْدِیْ لِلَّتِیْ ہِیَ أَقْوَمُ وَیُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِیْنَ الَّذِیْنَ یَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَہُمْ أَجْرًا کَبِیْرًا }[1]
’’ یقینا یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے جو بہت ہی سیدھا ہے اور ان مومنوں کو جو نیک عمل کرتے ہیں اس بات کی خوشخبری دیتا ہے کہ ان کیلئے بہت بڑا اجر ہے ۔ ‘‘
یاد رہے کہ کتاب اللہ ( قرآن مجید ) میں دیگر احکامات کے علاوہ اللہ تعالیٰ کا ایک حکم یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے ساتھ ساتھ اس کے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بھی اطاعت کی جائے اور وہ جس بات کا حکم دیں اس پر عمل کیا جائے اور جس سے منع کریں اس سے پرہیز کیا جائے ۔ فرمان الٰہی ہے:
{ یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوا أَطِیْعُوا اللّٰہَ وَأَطِیْعُوا الرَّسُولَ وَلَا تُبْطِلُوا أَعْمَالَکُمْ}[2]
’’ اے ایمان والو! تم اللہ کی اطاعت کرو اور رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی اطاعت کرو اور اپنے اعمال کو غارت نہ کرو‘‘
اس آیت کریمہ سے اور اس کے علاوہ دیگر کئی آیات سے ثابت ہوتا ہے کہ جہاں کتاب اللہ (قرآن مجید) کو مضبوطی سے تھامنا اور اسے اپنا دستورِ حیات بنانا فرض ہے وہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتِ مبارکہ پر عمل کرنا بھی فرض ہے ۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو اسوۂ حسنہ قرار دیا اور اسی لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقعہ پر فرمایا تھا :
(( فَاعْقِلُوْا أَیُّہَا النَّاسُ قَوْلِیْ،فَإِنِّیْ قَدْ بَلَّغْتُ،وَقَدْ تَرَکْتُ فِیْکُمْ مَّا لَنْ تَضِلُّوْا بَعْدَہُ إِنْ تَمَسَّکْتُمْ بِہٖ : کِتَابَ اللّٰہِ وَسُنَّۃَ رَسُوْلِہٖ صلي اللّٰه عليه وسلم [3]))
’’ اے لوگو ! میری باتوں کو اچھی طرح سے سمجھ لو ، میں نے یقینا اللہ کا دین آپ تک پہنچا دیا اور میں تم میں ایسی چیز چھوڑ کر جا رہا ہوں کہ اگر تم نے اسے مضبوطی سے تھام لیا تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے اور وہ ہے : اللہ کی کتاب
[1] الإسراء17 :10
[2] محمد47 :33
[3] السنۃ للمروزی:68 من حدیث ابن عباس رضی اﷲ عنہ