کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 575
جو شخص کسی مسلمان کو قتل کرتا ہے اس کیلئے سخت وعید ہے ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :{وَمَنْ یَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُہُ جَہَنَّمُ خَالِدًا فِیْہَا وَغَضِبَ اللّٰہُ عَلَیْْہِ وَلَعَنَہُ وَأَعَدَّ لَہُ عَذَابًا عَظِیْمًا}[1] ’’ اور جو کوئی کسی مومن کو قصدا قتل کر ڈالے اس کی سزا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا ، اس پراللہ تعالیٰ کا غضب ہے ، اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہے اور اس نے اس کیلئے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے ۔ ‘‘ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرنے والے شخص کو پانچ وعیدیں سنائی ہیں ، پہلی یہ کہ اس کی سزا جہنم ہے ، دوسری یہ کہ وہ اس میں ہمیشہ رہے گا ، تیسری یہ کہ اس پر اللہ تعالیٰ کا غضب ہوتا ہے ،چوتھی یہ کہ وہ اللہ تعالیٰ کی لعنت (پھٹکار)کا مستحق ہے اور پانچویںیہ کہ اس کیلئے اللہ تعالیٰ نے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے ۔ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اور حدیث میں خونِ مسلم کی حرمت کو یوں بیان فرمایا : (( لَا یَحِلُّ دَمُ امْرِیئٍ مُسْلِمٍ یَشْہَدُ أَن لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ إلِاَّ بِإِحْدَی ثَلاَثٍ:اَلثَّیِّبُ الزَّانِیْ،وَالنَّفْسُ بِالنَّفْسِ،وَالتَّارِکُ لِدِیْنِہِ الْمُفَارِقُ لِلْجَمَاعَۃِ[2])) ’’ کوئی مسلمان جو اس بات کی گواہی دیتا ہو کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ ( برحق ) نہیں اور میں اللہ تعالیٰ کا رسول ہوں اس کاخون حلال نہیں ۔ ہاںتین میں سے ایک شخص کو قتل کیا جا سکتا ہے اور وہ ہیں : شادی شدہ زانی، قاتل اور دین ( اسلام )کو چھوڑنے اور جماعت سے الگ ہونے والا ۔ ‘‘ کسی مومن کو ناجائز قتل کرنا کتنا بڑا گناہ ہے! اس کا اندازہ آپ اس حدیث سے کر سکتے ہیں: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( لَزَوَالُ الدُّنْیَا أَہْوَنُ عَلَی اللّٰہِ مِنْ قَتْلِ مُؤْمِنٍ بِغَیْرِ حَقٍّ[3])) ’’ دنیا کا خاتمہ کسی مومن کے ناجائز قتل سے اللہ تعالیٰ پر زیادہ ہلکا ہے ۔ ‘‘ اور حضرت ابو سعید الخدری رضی اللہ عنہ اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ دونوں کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( لَوْ أَنَّ أَہْلَ السَّمَائِ وَالْأَرْضِ اشْتَرَکُوْا فِیْ دَمِ مُؤْمِنٍ لَأَکَبَّہُمُ اللّٰہُ فِیْ النَّارِ)) [4] ’’ اگر آسمان والے اور زمین والے ( تمام کے تمام ) ایک مومن کے خون میں شریک ہوتے تو اللہ تعالیٰ ان
[1] النساء4 :93 [2] متفق علیہ [3] سنن ابن ماجہ:2619،سنن الترمذی عن عبد اﷲ بن عمرو:1395۔وصححہ الألبانی [4] سنن الترمذی:1398۔وصححہ الألبانی