کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 550
مسئلہ نمبر9 : خواتین کو بھی ہر حال میں عید گاہ کولے کرجائیں۔ کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو بھی عید گاہ میں جانے کا حکم دیا تھاجیسا کہ حضرت ام عطیہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں ہے جو صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں موجود ہے۔ حتی کہ حیض والی خواتین کے بارے میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی حکم دیا کہ وہ گھر سے ضرور نکلیں ، تاہم وہ عید گاہ سے باہربیٹھیں اور مسلمانوں کی دعا میں شریک ہوں۔[1] مسئلہ نمبر 10 : عید گاہ میں پہنچ کر امام کی اقتداء میں نمازِ عید ادا کریں جس کی پہلی رکعت میں امام قراء ت سے پہلے سات اور دوسری رکعت میں پانچ زائد تکبیریں کہے گا۔ مقتدی حضرات بھی امام کے ساتھ یہ تکبیرات کہیں۔ نماز سے فارغ ہو کر امام خطبہ دے گا۔ برادرانِ اسلام ! قربانی کے دیگر اہم مسائل ہم ان شاء اللہ تعالیٰ خطبۂ عید الاضحی میں ذکر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو ذوالحجہ کے اِس پہلے عشرہ میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے کی توفیق دے۔ آمین
[1] صحیح البخاری:974،صحیح مسلم :890