کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 507
3۔ سعی:
صفا کے قریب جا کر{إنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَۃَ مِنْ شَعَائِرِ اللّٰہِ} پڑھیں، پھر صفا پہ چڑھ جائیں اور خانہ کعبہ کی طرف منہ کر کے یہ دعا پڑھیں :
(لَا إلٰہَ إلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ ‘ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ ‘ یُحْیِی وَیُمِیْتُ، وَھُوَ عَلٰی کُلّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ، لَا إلٰہَ إلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ، أنْجَزَ وَعْدَہُ وَنَصَرَ عَبْدَہُ وَھَزَمَ الأحْزَابَ وَحْدَہُ )
پھر ہاتھ اٹھا کر دعا مانگیں، تین مرتبہ اسی طرح کرکے مروہ کی طرف روانہ ہو جائیں۔ راستے میں دو سبز نشانوں کے درمیان دوڑیں۔ البتہ عورتیں اور ان کے ساتھ جانے والے مرد نہیں دوڑیں گے۔پھر عام رفتار میں چلتے ہوئے مروہ پر پہنچیں، یہاں پہنچ کر ایک چکر پورا ہو جائے گا۔ اب یہاں بھی وہی کریں جو آپ نے صفا پر کیا تھا۔ پھر واپس صفا کی طرف آئیں، راستے میں دو سبز نشانوں کے درمیان دوڑیں، صفا پہ پہنچ کر دوسرا چکر مکمل ہو جائے گا۔ پھر اسی طرح سات چکر پورے کریں ، آخری چکر مروہ پر پورا ہو گا۔ دورانِ سعی ذکر ، دعا اور تلاوتِ قرآن میں مشغول رہیں۔
بعض غلطیاں : صفا اور مروہ پر قبلہ رخ ہو کر دونوں ہاتھوں سے اشارہ کرنا۔ اقامت ِ نماز ہو جانے کے بعد بھی سعی جاری رکھنا۔ سعی کے سات چکروں کی بجائے چودہ چکر لگانا۔
4۔سر کے بال منڈوانا یا کٹوانا :
صفا اور مروہ کے درمیان سعی مکمل کرکے سر منڈوا لیں یا پورے سر کے بال چھوٹے کروا لیں۔ تاہم سر کے بال منڈوانا افضل ہے۔ عورت اپنی ہرچوٹی سے انگلی کے ایک پورے کے برابر بال کٹوائے۔ مردوں کا سر کے کچھ حصے سے بال کٹوا کر حلال ہو جانا خلافِ سنت ہے۔
اس طرح آپ کا عمرہ مکمل ہو جائے گا اور احرام کی وجہ سے جو پابندیاں لگی تھیں وہ ختم ہو جائیں گی۔ اب آپ احرام کھول سکتے ہیں۔ اللہ رب العزت ہمیں اور حجاج کرام کو عمرۂ مقبولہ نصیب فرمائے۔ آمین
دوسرا خطبہ
پہلے خطبۂ جمعہ میں ہم نے حج کی اہمیت وفرضیت ، حج کے فضائل ، سفر حج کے بعض آداب اور عمرہ کے تفصیلی