کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 450
’’ اور ر سول صلی اللہ علیہ وسلم کہیں گے :اے میرے رب ! بے شک میری قوم نے اِس قرآن کو چھوڑ رکھا تھا ۔‘‘ لہٰذا اُس دن کی ندامت سے بچنے کیلئے قرآن مجید کو اپنی زندگی کا دستور بنائیں اور اس کی تلاوت کا ، اس کو سمجھنے کا اور اس پر عمل کرنے کا پورا اہتمام کریں ۔ برادران اسلام ! بعض لوگ نہ صرف یہ کہ رمضان المبارک کے بعد عبادات کو ترک کردیتے ہیں بلکہ اِس کے ساتھ ساتھ وہ اُن برائیوں کی طرف واپس پلٹ جاتے ہیں جن پر وہ رمضان المبارک سے پہلے قائم تھے اوریہ طرزِ عمل بھی نہایت خطرناک ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : {فَاسْتَقِمْ کَمَا أُمِرْتَ وَمَن تَابَ مَعَکَ وَلاَ تَطْغَوْا إِنَّہُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِیْرٌ}[1] ’’ پس آپ راہِ حق پر قائم رہئے جیسا کہ حکم دیا گیا ہے اوروہ لوگ بھی جنھوں نے آپ کے ساتھ اللہ کی طرف رجوع کیا ہے اورتم لوگ سرکشی نہ کرو ۔ بے شک وہ ( اللہ ) تمھارے اعمال کو خوب دیکھ رہا ہے ۔ ‘‘ اِس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھ توبہ کرنے والے تمام مومنوں کو حکم دیا ہے کہ تم سب اسی طرح اللہ کے دین پر قائم رہو جیسا کہ تمھیں حکم دیا گیا ہے ۔ پھر انُ لوگوں کو سرکشی سے منع فرمایا ہے جو دین ِ الٰہی پر قائم رہنے کی بجائے اس سے انحراف کر لیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتے ہوئے سرکش ہو جاتے ہیں اوراللہ تعالیٰ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے کرتوتوں سے غافل ہے،بلکہ وہ ان کی ہر ہر حرکت اور تمام افعال کو دیکھ رہا ہے ۔ میرے عزیز بھائیو ! رمضان المبارک کے بعد برائیوں کی طرف واپس لوٹ جانا اُس عہد کی خلاف ورزی ہے جو آپ نے اِس مبارک مہینہ کے دوران کئی مرتبہ اللہ تعالیٰ سے کیا اوربار بار توبہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے پختہ وعدہ کرتے رہے کہ ہم ان گناہوں کی طرف واپس نہیں لوٹیں گے ، ہم ان برائیوں کا ارتکاب دوبارہ نہیں کریں گے اور تیرے احکامات پر عمل اور تیری نافرمانی سے اجتناب کرتے رہیں گے۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ سے کیا ہوا وعدہ پورا کیجئے اور راہِ راست پر قائم رہئے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : {وَأَوْفُواْ بِعَہْدِ اللّٰہِ إِذَا عَاہَدتُّمْ وَلاَ تَنقُضُوا الأَیْْمَانَ بَعْدَ تَوْکِیْدِہَا وَقَدْ جَعَلْتُمُ اللّٰہَ عَلَیْْکُمْ کَفِیْلاً إِنَّ اللّٰہَ یَعْلَمُ مَا تَفْعَلُونَ} [2] ’’ اور جب اللہ سے عہد وپیمان کرو تو اسے پورا کرو اورقسموں کو پختہ کر لینے کے بعد نہ توڑو حالانکہ تم نے اس پر اللہ کو گواہ بنایا تھا ۔ بے شک اللہ تعالیٰ تمھارے افعال کو خوب جانتا ہے۔‘‘
[1] ہود11:112 [2] النحل16:91