کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 428
رمضان المبارک کا آخری عشرہ
اہم عناصر خطبہ :
1۔ آخری عشرہ میں زیادہ سے زیادہ عبادت 2۔ اعتکاف
3۔ قیام اللیل 4۔ لیلۃ القدر
5۔ صدقۃ الفطر 6۔ آدابِ عید
پہلا خطبہ
برادرانِ اسلام ! رمضان المبارک کا آخری عشرہ نہایت اہم ہے کیونکہ اسی عشرہ میں وہ رات آتی ہے جس کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے ۔ اِس لئے اِس میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرنی چاہئے ۔ زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل کرنا چاہئے۔زیادہ سے زیادہ دعاکرنی چاہئے اور اپنے گناہوں پر اللہ تعالیٰ سے بار بار معافی مانگتے ہوئے سچے دل سے توبہ کرنی چاہئے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ
(أَنَّ النَّبِیَّ صلي اللّٰه عليه وسلم کَانَ إِذَا دَخَلَ الْعَشْرُ أَحْیَا لَیْلَہُ،وَأَیْقَظَ أَہْلَہُ،وَشَدَّ مِئْزَرَہُ) [1]
’’ جب آخری عشرہ شروع ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات بھر جاگتے اور اپنے گھروالوں کو بھی جگاتے کمر بستہ ہو کر خوب عبادت کرتے ۔‘‘
اسی طرح حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا یہ بھی بیان کرتی ہیں کہ
(کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم یَجْتَہِدُ فِی الْعَشْرِ الْأوَاخِرِمَا لَا یَجْتَہِدُ فِی غَیْرِہَا) [2]
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عبادات میں جتنی محنت آخری عشرے میں کرتے تھے اتنی کبھی نہیں کرتے تھے۔ ‘‘
لہٰذا ہمیں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اِس طرزِ عمل کو سامنے رکھتے ہوئے اِس عشرہ میں کمر بستہ ہو کرخوب عبادت کرنی چاہئے اوراِن مبارک ایام کا کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر ان سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے ۔
اِعتکاف
آخری عشرہ میں کثرتِ عبادت کی سب سے افضل شکل یہ ہے کہ یہ عشرہ اعتکاف میں گذارا جائے ۔ کیونکہ
[1] صحیح البخاری:2024،صحیح مسلم:1174
[2] صحیح مسلم:1175