کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 413
مانگ لو ، میں تمھارے سارے گناہ معاف کردوں گا۔
ارشاد باری ہے : {قُلْ یَا عِبَادِیَ الَّذِیْنَ أَسْرَفُوا عَلَی أَنفُسِہِمْ لَا تَقْنَطُوا مِن رَّحْمَۃِ اللّٰه إِنَّ اللّٰہَ یَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِیْعًا إِنَّہُ ہُوَ الْغَفُورُ الرَّحِیْمُ } [1]
’’ آپ کہہ دیجئے کہ اے میرے وہ بندو جنھوں نے ( گناہوں کا ارتکاب کرکے ) اپنے اوپر زیادتی کی ہے! تم اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہو ، بے شک اللہ تعالیٰ تمام گناہوں کو معاف کردیتا ہے ۔ یقینا وہی تو ہے جو بڑا معاف کرنے والا اور بے حد مہربان ہے ۔ ‘‘
اس آیتِ کریمہ کا شان نزول بیان کرتے ہوئے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مشرکین میں سے کئی لوگ ایسے تھے جنہوں نے بہت زیادہ قتل وغارت اور بدکاری کی تھی انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ آپ جس بات کی طرف دعوت دیتے ہیں وہ اچھی ہے لیکن یہ فرمائیے کہ کیا اللہ تعالیٰ کے ہاں ہماری توبہ قابل قبول ہے یا نہیں؟تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔[2]
اِس سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ تو مشرکین اور قتل وغارت کرنے والوں کو بھی امید دلاتا ہے کہ اگر وہ سچے دل سے توبہ کرلیں تو وہ انھیں معاف کردے گا اور ان سے راضی ہو جائے گا ، چہ جائیکہ اس کی وحدانیت کو دل سے تسلیم کرنے والے اور اس کے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والے مسلمان اس کی طرف رجوع کریں اور اس سے معافی مانگیں تو یقینا اللہ تعالیٰ انہیں بھی معاف کردے گا ۔
بلکہ اللہ تعالیٰ تو نصاری کو بھی ‘ جو حضرت عیسی علیہ السلام کو اس کا بیٹا قرار دیتے اور اللہ تعالیٰ کو تین میں سے ایک تصورکرتے ہیں ‘ توبہ واستغفار کی ترغیب دلاتا ہے اور فرماتا ہے :
{لَّقَدْ کَفَرَ الَّذِیْنَ قَالُوا إِنَّ اللّٰہَ ثَالِثُ ثَلاَثَۃٍ وَمَا مِنْ إِلَـہٍ إِلاَّ إِلَـہٌ وَّاحِدٌ وَإِن لَّمْ یَنتَہُوا عَمَّا یَقُولُونَ لَیَمَسَّنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوا مِنْہُمْ عَذَابٌ أَلِیْمٌ. أَفَلاَ یَتُوبُونَ إِلَی اللّٰہِ وَیَسْتَغْفِرُونَہُ وَاللّٰہُ غَفُورٌ رَّحِیْمٌ}[3]
’’بے شک ان لوگوں نے کفر کا ارتکاب کیا جنھوں نے کہا کہ اللہ تین ( معبودوں) میں سے ایک ہے حالانکہ ایک معبود کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں اور اگر وہ لوگ اپنی اس بات سے باز نہیں آئیں گے تو ان میں سے کافروں کو دردناک عذاب ہو گا۔ کیا وہ اللہ کے حضور توبہ نہیں کرتے اور
[1] الزمر39 :53
[2] تفسیر القرطبی:228/8،ط دار الحدیث القاہرۃ
[3] المائدۃ5:74-73