کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 406
(( فِیْمَ أُطَہِّرُکَ ؟)) ’’ تمھیں کس چیز سے پاک کروں ؟ ‘‘ تو انھوں نے کہا : زنا سے ۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں سے اس کے بارے میں پوچھا کہ کیا ان کا دماغی توازن ٹھیک ہے ؟ لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ ہاں ان کا دماغی توازن بالکل ٹھیک ہے ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ انھوں نے کہیں شراب تو نہیں پی رکھی؟ چنانچہ ایک آدمی ان کے پاس گیا اور ان کے منہ کو سونگھا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آگاہ کیا کہ ان کے منہ سے شراب کی بو محسوس نہیں ہوتی ۔ تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا :کیا تم نے واقعتا زنا کیا ہے ؟انھوں نے کہا : جی ہاں ۔
تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پررجم کی سزا نافذ کرنے کا حکم صادر فرمادیا اور اُس کے مطابق ان پر یہ سزا نافذ کردی گئی۔
پھر لوگوں میں دو گروہ بن گئے ۔ ایک نے کہا : ماعز ہلاک ہو گئے اور ان کے گناہوں نے انھیں گھیر لیا اور دوسرے نے کہا : ماعز کی توبہ سے اچھی توبہ کوئی نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور آپ کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر گذارش کی کہ مجھے پتھر مار مار کر قتل کردیں ۔
بعد ازاں دو تین روز گذر گئے ۔ پھر رسول اکر م صلی اللہ علیہ وسلم صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی مجلس میں تشریف لائے ، انہیں سلام کہا اور بیٹھ گئے ۔ اس کے بعد فرمایا :
(( اِسْتَغْفِرُوْا لِمَاعِزِ بْنِ مَالِک)) ’’ تم ماعز کیلئے مغفرت کی دعا کرو ۔ ‘‘
چنانچہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے دعا کرتے ہوئے کہا : اللہ تعالیٰ ماعز بن مالک کو معاف کرے۔
تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( لَقَدْ تَابَ تَوْبَۃً لَوْ قُسِمَتْ بَیْنَ أُمَّۃٍ لَوَسِعَتْہُمْ ))
’’ انھوں نے ایسی توبہ کی ہے کہ اگر اسے لوگوں کے ایک گروہ میں تقسیم کیا جائے تو ان سب کو کافی ہو جائے ۔ ‘‘
حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک غامدیہ عورت آئی اور اس نے کہا : اے اللہ کے رسول ! مجھے بھی پاک کیجئے ۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( وَیْحَکِ اِرْجِعِیْ فَاسْتَغْفِرِی اللّٰہَ وَتُوْبِی إِلَیْہ))
’’ تم پر افسوس ہے ، جاؤ اللہ سے معافی مانگو اور توبہ کر لو ۔ ‘‘
اس نے کہا : مجھے لگتا ہے کہ آپ مجھے بھی اُسی طرح واپس لوٹا رہے ہیں جیسے آپ نے ماعز کو لوٹا دیا تھا !
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اس سے تمھارا کیا تعلق ہے ؟
اس نے کہا : میں اسی سے ہی تو حاملہ ہوں ۔