کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 388
(( مَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ کِتَابِ اللّٰہِ فَلَہُ بِہٖ حَسَنَۃٌ،وَالْحَسَنَۃُ بِعَشْرِ أَمْثَالِہَا،لَا أَقُوْلُ:ألٰمّ حَرْفٌ،وَلٰکِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ، وَلَامٌ حَرْفٌ،وَمِیْمٌ حَرْفٌ[1])) ’’ جو آدمی کتاب اللہ ( قرآن مجید ) کا ایک حرف پڑھتا ہے اسے ایک نیکی ملتی ہے اور ایک نیکی اس جیسی دس نیکیوں کے برابر ہوتی ہے ۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ( ألم ) ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے ، لام دوسرا اور میم تیسرا حرف ہے ۔ ‘‘ قرآن مجید اپنے پڑھنے والوں کیلئے شفاعت کرے گا حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( اِقْرَؤُا الْقُرْآنَ فَإِنَّہُ یَأْتِی یَوْمَ الْقِیَامَۃِ شَفِیْعًا لِأَصْحَابِہٖ)) [2] ’’ تم قرآن پڑھتے رہا کرو کیونکہ یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں ( اور اس پرعمل کرنے والوں ) کیلئے شفاعت کرے گا ۔ ‘‘ تلاوتِ قرآن سے شیطان گھر سے بھاگ جاتا ہے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( لاَ تَجْعَلُوْا بُیُوْتَکُمْ مَقَابِرَ،إِنَّ الشَّیْطَانَ یَنْفِرُ مِنَ الْبَیْتِ الَّذِیْ تُقْرَأُ فِیْہِ سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃِ [3])) ’’ تم اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ ۔بے شک شیطان اس گھر سے بھاگ جاتا ہے جس میں سورۃ البقرۃ کی تلاوت کی جاتی رہے ۔‘‘ قرآن سیکھنے اور سکھلانے والے سب سے بہتر ہیں حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( خَیْرُکُمْ مَّنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہُ [4])) ’’ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھلایا ۔‘‘ دوسری روایت میں ارشاد فرمایا :
[1] سنن الترمذی:2910:حسن صحیح غریب : وصححہ الألبانی [2] صحیح مسلم :1337 [3] صحیح مسلم :780 [4] صحیح البخاری:5027