کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 370
(۸) روزہ جنت میں لے جانے والے اعمال میں سے ہے
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دیہاتی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے کہا :اے اللہ کے رسول ! مجھے کوئی ایسی چیز بتائیں جس پر میں عمل کروں تو جنت میں داخل ہو جاؤں ؟تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
(( تَعْبُدُ اللّٰہَ لَا تُشْرِکُ بِہٖ شَیْْئًا،وَتُقِیْمُ الصَّلَاۃَ الْمَکْتُوْبَۃَ،وَتُؤَدِّی الزَّکَاۃَ الْمَفْرُوْضَۃَ، وَتَصُوْمُ رَمَضَانَ)) ’’ تُو اللہ کی عبادت کراور اس کے ساتھ کسی کو شریک مت بنا ۔ فرض نماز قائم کر ، فرض زکاۃ ادا کر اور رمضان کے روزے رکھ ۔ ‘‘
یہ سن کردیہاتی نے کہا : اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! میں ہمیشہ نہ اس سے زیادہ کرونگا اور نہ اس سے کم ۔پھر جب وہ چلا گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَنْ سَرَّہُ أَنْ یَّنْظُرَ إِلٰی رَجُلٍ مِنْ أَہْلِ الْجَنَّۃِ فَلْیَنْظُرْ إِلٰی ہٰذَا [1]))
’’جو آدمی اہلِ جنت میں سے کسی شخص کو دیکھنا چاہتا ہو وہ اسے دیکھ لے ۔ ‘‘
روزہ خوروں کا انجام
ماہِ رمضان المبارک کی خصوصیات اور روزہ کے فضائل سماعت کرنے کے بعدآئیے اب یہ بھی جان لیجئے کہ رمضان المبارک میں بغیر عذر شرعی روزے نہ رکھنا کتنا بڑا گناہ ہے اور اس کی کیا سزا ہے ؟
حضرت ابو اُ مامہ الباہلی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا :
’’میں سویا ہوا تھا کہ خواب میں میرے پاس دو آدمی آئے جنہوں نے میرے بازوؤںکو پکڑ کر مجھے اٹھایا اور ایک دشوار چڑھائی والے پہاڑ تک لے جاکر مجھے اس پر چڑھنے کے لئے کہا۔میں نے کہا:میں اس پر چڑھ نہیں سکتا ۔
انھوں نے کہا : ہم اسے آپ کیلئے آسان بنا دیں گے۔ چنانچہ میں نے اس پر چڑھنا شروع کیا حتی کہ پہاڑ کی چوٹی تک پہنچ گیا تو میں نے وہاں چیخنے اور چلانے کی آوازیں سنیں۔میں نے دریافت کیا کہ یہ چیخ وپکار کیسی ہے ؟
انھوں نے جواب دیا کہ یہ جہنمیوں کی آہ وبکاء کا شور ہے ۔پھر مجھے اس سے آگے لے جایا گیا جہاں میں
[1] صحیح البخاری،الزکاۃ،باب وجوب الزکاۃ:1397، صحیح مسلم،الإیمان:14