کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 36
ہوں ۔ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( اِنْطَلِقْ فَإِنَّ اللّٰہَ یُثَبِّتُ لِسَانَکَ وَیَہْدِیْ قَلْبَکَ )) کہ جائیے!اللہ تعالیٰ آپ کی زبان کو قوت اور دل کو توفیقِ ادائیگی عطا کرے گا ۔ پھرآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا دست مبارک ان کے منہ پررکھا۔[1] اور اس دعا ہی کی برکت ہے کہ سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ کا شما رممتاز خطبائے صحابہ میں ہو تا ہے۔
نیز اللہ تعالیٰ نے حضرت داؤد علیہ السلام پر اپنے منجملہ احسانات وانعامات میں فن خطابت میں ان کی مہارت تامہ کا خصوصی طور پر ذکر فرمایا کہ { وَآتَیْنَاہُ الْحِکْمَۃَ وَفَصْلَ الْخِطَابِ }[2] کہ ہم نے ان کو حکمت و دانائی اور قوتِ فیصلہ اور فصلِ خطاب عطا کیا۔
علامہ آلوسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ’’ فصل خطاب سے مراد فصاحت بیان اور خوبیٔ کلام ہے۔‘‘(روح المعانی)
اور اللہ تعالیٰ نے سید الفصحاء،امام البلغاء،ابین العرب العربا، اشرف الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی حکم دیا کہ {وَعِظْہُمْ وَقُلْ لَّہُمْ فِیْ أَنْفُسِہِمْ قَوْلًا بَلِیْغًا}[3]کہ انہیں وعظ وتلقین اور پر اثر انداز میں خطاب کیجئے اس لیے کہ ایسے خطاب ہی دلنشین اور انقلاب آفرین ہوتے ہیں ،جو دلوں کو بھاتے اور ذوق استماع کو بڑھاتے ہیں۔
یوں مسکرائے کہ جان سی کلیوں میں پڑ گئی
یوں لب کشا ہوئے کہ گلستاں بنا دیا
خطیبِ بے مثال ،داعیٔ باکمال،پیغمبر اسلام حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سحر آفرین اور دلنشین انداز خطابت اور وعظ بلیغ کا تذکرہ کرتے ہوئے حضرت عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
( وَعَظَنَا رَسُولُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم مَوْعِظَۃً بَلِیْغَۃً ذَرَفَتْ مِنْہَا الْعُیُونُ وَوَجِلَتْ مِنْہَا الْقُلُوبُ) [4]کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں خطاب فرمایا جس کی اثر انگیزی اور دلپذیری کا یہ عالم تھا کہ سامعین کی آنکھیں اشکبار اور دلو ں پہ رقت طا ری تھی۔مشہور شاعر احمد شوقی کے بقول:ع
اذا خطبت فللمنابر ہزۃ تعرو النبی وللقلوب بکاء
ایسا کیوں نہ ہوتا ؟اللہ تعالیٰ نے تکمیل انسانیت کے باقی اوصاف کی طرح ملکۂ خطابت بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بدرجۂ اتم عطا فرمایاتھا کیونکہ یہ فرائضِ نبوت کی ادائیگی کے لیے اور پیغام الہٰی کی تبلیغ کے لیے بنیادی وسیلہ اور ذریعہ ہے ۔
دعا دے مجھے اے زمین سخن! کہ میں نے تجھے آسماں کر دیا
اور حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( إِنَّ مِنَ الْبَیَانِ لَسِحْرًا [5])) کہ
[1] مسند أحمد:151/1
[2] ص38:20
[3] النساء4:63
[4] سنن أبی داؤد:4607 وسنن ترمذی : 2678
[5] صحیح البخاري : 5146 ومسلم :869