کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 322
’’ جب شعبان کی پندرھویں رات آئے تو تم اس میں قیام کیا کرو اور اگلے روز کا روزہ رکھا کرو ، کیونکہ اُس رات کی شام سے ہی اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر آکر فرماتا ہے : کیا کوئی مغفرت طلب کرنے والا ہے کہ میں اس کو معاف کردوں ؟ کیا کوئی رزق طلب کرنے والا ہے کہ میں اس کو رزق دوں ؟ کیا کوئی بیمار ہے کہ میں اسے عافیت دے دوں ؟ کیا کوئی سوال کرنے والا ہے کہ میں اسے دوں ؟ کیا کوئی ۔۔۔کیا کوئی ۔۔۔۔یہاں تک کہ فجر طلوع ہو جائے۔‘‘ یہ حدیث بھی جھوٹی اور من گھڑت ہے ۔ اس کی بجائے وہ صحیح حدیث ذکر کرنی چاہئے جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ذکر کیا ہے کہ(یَنْزِلُ رَبُّنَا تَبَارَکَ وَتَعَالٰی کُلَّ لَیْلَۃٍ إِلَی السَّمَائِ الدُّنْیَا حِیْنَ یَبْقٰی ثُلُثُ اللَّیْلِ الآخِرُ،فَیَقُوْلُ:مَنْ یَّدْعُوْنِیْ فَأَسْتَجِیْبَ لَہُ؟مَنْ یَّسْأَلُنِیْ فَأُعْطِیَہُ؟مَنْ یَّسْتَغْفِرُنِیْ فَأَغْفِرَ لَہُ)وفی روایۃ لمسلم:(فَلَا یَزَالُ کَذٰلِکَ حَتّٰی یُضِیْئَ الْفَجْرُ ) [1] ’’ ہمارا رب جو بابرکت اور بلند وبالا ہے ہر رات کا جب آخری تہائی حصہ باقی ہوتا ہے تو وہ آسمانِ دنیا کی طرف نازل ہوتا ہے ، پھر کہتا ہے : کون ہے جو مجھ سے دعا مانگے تو میں اس کی دعا کوقبول کروں ؟ اور کون ہے جو مجھ سے سوال کرے تو میں اسے عطا کروں ؟ اور کون ہے جو مجھ سے معافی طلب کرے تو میں اسے معاف کر دوں؟ ‘‘ مسلم کی ایک روایت میں ان الفاظ کا اضافہ ہے کہ ’’ پھر وہ بدستور اسی طرح رہتا ہے یہاں تک کہ فجر روشن ہو جائے ۔‘‘ اِس صحیح حدیث کے مطابق یہ فضیلت ہر رات نصیب ہو سکتی ہے ۔ لہٰذا اسے شعبان کی پندرھویں رات کے ساتھ خاص کرنا یقینا غلط اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر بہت بڑا جھوٹ ہے ۔ (۴) حضرت علی رضی اللہ عنہ کی وہ حدیث جس میں انھوں نے ذکر کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان کی پندرھویں رات میں چودہ رکعات پڑھیں ، اس کے بعد کچھ سورتوں کی تلاوت کی ، پھر فرمایا : ’’ جو شخص اس طرح کرے جیسا کہ میں نے کیا ہے تو اسے بیس مقبول حجوںاور بیس سال کے مقبول روزوں کا ثواب ملتا ہے ۔ ‘‘ ابن الجوزی اس حدیث کو ’’الموضوعات ‘‘ میں روایت کرنے کے بعدکہتے ہیں : ’’یہ حدیث بھی من گھڑت ہے اور اس کی سند نہایت تاریک ہے ۔‘‘ [2] امام سیوطی کہتے ہیں کہ اس حدیث کو بیہقی نے شعب الایمان میں روایت کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ عین
[1] صحیح البخاری:1145،6321،7494،صحیح مسلم:758 [2] الموضوعات:445/2