کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 30
لحاظ سے اِس میں کوئی حرج نہیں سمجھتا کہ پاکستان اور ہندوستان میں عموما خطبات لمبے ہی ہوتے ہیں تاہم یہ ہو سکتا ہے کہ خطباء حضرات ان میں سے متعدد خطبات کو تقسیم کرکے کئی جمعوں میں بیان کریں ۔
4۔ خطبہ ٔ جمعہ میں چونکہ دو خطبے ہوتے ہیں اس لئے ہر خطبہ کو ’ پہلا خطبہ ‘ اور ’دوسرا خطبہ ‘ کے عنوان کے تحت دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت بھی یہی ہے کہ آپ دو خطبے ارشاد فرماتے اور دونوں میں وعظ ونصیحت کرتے تھے۔
5۔ پہلی جلد کے خطبات سال بھر کی مناسبات کیلئے خاص کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جلد میں متنوع موضوعات ہیں ۔ پہلی جلد کے موضوعات کی تفصیل کچھ یوں ہے :
ماہِ محرم : 1۔ ماہِ محرم اور یوم عاشوراء 2۔ فضائل صحابہ رضی اللہ عنہم 3۔ ہجرت مدینہ
ماہِ محرم میں اِس ماہ اور یوم عاشوراء کے متعلق خطبۂ جمعہ تو نہایت ضروری ہے ۔ اور جہاں تک فضائل صحابہ رضی اللہ عنہم کا تعلق ہے تو جیسا کہ قارئین جانتے ہیں کہ خاص طور پراِس ماہ میں حضراتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نشانہ بنایا جاتا ہے اس لئے یہ موضوع اِس ماہ کے خطبات میں شامل کیا گیا ہے ۔ اور ہجرت کا عظیم واقعہ اگرچہ ماہ ِربیع الاول میں پیش آیا تھا تاہم چونکہ ہجری سال کا آغاز ماہِ محرم سے ہوتا ہے اس لئے اس میں اس موضوع کو رکھا گیا ہے ۔
ماہِ صفر : ماہِ صفر اور بد شگونی
ماہِ ربیع الأول : 1۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومعجزات اور خصوصیات 2۔ جشن میلاد کی شرعی حیثیت 3۔ امت پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق 4۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا اعلی اخلاق
ماہِ رجب : 1۔ ماہِ رجب کی بدعات 2۔ اسراء ومعراج 3۔ تحفۂ معراج ۔۔۔نماز پنجگانہ
اسراء ومعراج کے واقعہ کے بارے میں اگرچہ تحقیق یہ ہے کہ اس کا وقوع بھی ماہِ ربیع الاول میں ہوا تھالیکن چونکہ مشہور یہ ہے کہ یہ رجب کے مہینہ میں پیش آیا تھا اس لئے اسے اِس ماہ کے خطبات میں شامل کیا گیا ہے ۔ اور چونکہ نماز تحفۂ معراج ہے اس لئے اسے واقعۂ اسراء ومعراج کے بعد بیان کرنا زیادہ مناسب ہے ۔
ماہِ شعبان : 1۔ ماہِ شعبان۔۔۔۔ فضائل واحکام 2۔ انفاق فی سبیل اللہ اور زکاۃ
پہلے خطبہ میں ماہِ شعبان کے فضائل کے علاوہ شعبان کی پندرھویں رات کے متعلق اہم معلومات بھی جمع کردی گئی ہیں ۔ اور چونکہ اکثر لوگ سالانہ زکاۃ کا حساب شعبان کے آخر یا رمضان کے شروع میں کرتے ہیں اس لئے یہ مناسب سمجھا گیا کہ انفاق اور زکاۃ کا موضوع اس ماہ کے خطبات میں شامل کیا جائے۔