کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 273
دوسرے آسمان پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت جبریل علیہ السلام کے ہمراہ دوسرے آسمان پر پہنچے تو وہاں بھی پہلے آسمان کی طرح حضرت جبریل علیہ السلام نے دستک دی ، سوال وجواب کے بعد دروازہ کھولا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش آمدید کہا گیا ۔ یہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات حضرت یحییٰ علیہ السلام اور حضرت عیسی علیہ السلام سے ہوئی جو خالہ زاد بھائی تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں سلام کہا ۔ انھوں نے جواب دیا ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کوخوش آمدید کہا اور آپ کیلئے دعائے خیر کی ۔ تیسرے آسمان پر پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیسرے آسمان پر پہنچے تو وہاں بھی پہلے آسمان کی طرح حضرت جبریل علیہ السلام نے دستک دی اور آسمان کے دربانوں کے ساتھ ان کے سوال وجواب کے بعد دروازہ کھولا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا استقبال کیا گیا ، اِس آسمان پر حضرت جبریل علیہ السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات حضرت یوسف علیہ السلام سے کرائی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں سلام کہا ۔ انھوں نے جواب دینے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش آمدید کہا اور آپ کیلئے دعائے خیر کی ۔ ان کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : (( وَإِذَا ہُوَ قَدْ أُعْطِیَ شَطْرَ الْحُسْنِ )) ’’ میں نے دیکھا کہ آدھا حسن صرف حضرت یوسف علیہ السلام کو دیا گیا ہے ۔‘‘[1] چوتھے آسمان پر پھر چوتھے آسمان پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا استقبال اسی طرح کیا گیا جیسا کہ پہلے آسمانوں پر کیا گیا ، اِس آسمان پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات حضرت ادریس علیہ السلام سے کرائی گئی جنہوں نے اپنے نیک بھائی اور صالح نبی کو خوش آمدید کہا اور ان کیلئے دعائے خیر کی ۔ پانچویں آسمان پر پھر پانچویں آسمان پر بھی مسرت وشامانی کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا استقبال کیا گیا اور یہاں آپ کی ملاقات حضرت ہارون علیہ السلام سے کرائی گئی ۔ انھوں نے بھی آپ کو مرحبا کہا اور نیک بھائی اور صالح نبی کا استقبال کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے خیر کی ۔
[1] صحیح مسلم:162