کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 272
’’ پھر ( میں اور جبریل علیہ السلام ) چل پڑے یہاں تک کہ ہم آسمانِ دنیا پر پہنچ گئے۔ ‘‘ ایک اور روایت میں ہے کہ ’’ پھر جبریل علیہ السلام مجھے آسمانِ دنیا کی طرف لے گئے۔ ‘‘[1] ایک اور روایت میں ہے کہ (( ثُمَّ أَخَذَ بِیَدِیْ فَعَرَجَ بِی إِلیَ السَّمَائِ الدُّنْیَا )) ’’ پھر جبریل علیہ السلام نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے آسمانِ دنیا کی طرف لے گئے۔ ‘‘[2] یہ تینوں روایات صحیح ہیں اور ان سے واضح طور پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر جانے کا ذریعہ حضرت جبریل علیہ السلام تھے ۔ تاہم حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں بعض روایات ذکر کی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک نہایت خوبصورت سیڑھی نصب کی گئی جس کے ذریعے آپ صلی اللہ علیہ وسلم اوپر کو تشریف لے گئے ۔ واللہ اعلم [3] پہلے آسمان پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں : ’’حضرت جبریل علیہ السلام نے دستک دی ، پوچھا گیا : آپ کو ن ہیں ؟ انھوں نے کہا : جبریل ۔ پوچھا گیا : آپ کے ساتھ کون ہے ؟ انھوں نے کہا : محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ۔ کہا گیا : کیا آپ کو بلایا گیا ہے؟ انھوں نے کہا : جی ہاں انھیں بلایا گیا ہے ۔ کہا گیا:(( مَرْحَبًا بِہٖ،وَلَنِعْمَ الْمَجِیْیُٔ جَائَ )) انھیں خوش آمدید اور ان کا آنا مبارک ہو ۔ پھر آسمان کا دروازہ کھول دیا گیا ۔ ہم پہلے آسمان کے اوپر گئے تو حضرت آدم علیہ السلام کے پاس سے گذرے ۔ جبریل علیہ السلام نے کہا : یہ آپ کے باپ آدم ہیں ، انھیں سلام کیجئے ۔ میں نے انھیں سلام کہا تو انھوں نے سلام کاجواب دیا اور کہا : (( مَرْحَبًا بِالنَّبِیِّ الصَّالِحِ وَالْاِبْنِ الصَّالِحِ )) ’’ نیک بیٹے اور صالح نبی کو خوش آمدید ۔‘‘ پھر انھوں نے میرے لئے دعائے خیر کی ۔ اور میں نے دیکھا کہ ان کے دائیں بائیں کچھ سائے ہیں ، وہ جب دائیں طرف دیکھتے ہیں تو مسکرا دیتے ہیں اور جب بائیں طرف دیکھتے ہیں تو رو دیتے ہیں ۔ میں نے جبریل علیہ السلام سے پوچھا تو انھوں نے کہا : یہ ان کی دائیں بائیں ان کی اولاد کی روحیں ہیں ۔ دائیں جانب اہلِ جنت کی اور بائیں جانب اہلِ جہنم کی ، چنانچہ وہ جب اپنی دائیں جانب دیکھتے ہیں تو خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور جب بائیں جانب دیکھتے ہیں تو غم اور صدمے کی وجہ سے رو دیتے ہیں ۔‘‘ [4]
[1] صحیح مسلم : 162 [2] صحیح البخاری:349،صحیح مسلم:163 [3] فتح الباری:264/7 [4] صحیح البخاری:349،صحیح مسلم:163