کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 263
غیر اللہ کے نام کی نذر ماننا حرام ہے ! کیونکہ نذر ایک عبادت ہے اور ہر عبادت کو اللہ کیلئے خاص کرنا ضروری ہے ۔ اور کسی بھی عبادت میں غیر اللہ کو شریک کیا جائے تو وہ شرک اکبر ہوتا ہے ۔ لہٰذا امام جعفر صادق رحمہ اللہ جیسی عظیم شخصیت کے بارے میں یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ وہ ایسا کام کرنے کی وصیت کریں جس میں شرک پایا جاتا ہو۔
پھر ذرا سوچیں کہ ۲۲ رجب کا امام جعفر صادق رحمہ اللہ سے کیا تعلق ہے ؟ اس روز نہ ان کی ولادت ہوئی اور نہ وفات ! اصل بات یہ ہے کہ اس روز حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ فوت ہوئے اور جو لوگ انھیں برا بھلا کہتے ہیں انھوں نے یہ خود ساختہ بات امام جعفر صادق رحمہ اللہ کی طرف منسوب کردی کہ اس روز کونڈے کئے جائیں ۔ بہر حال یہ ایک جھوٹی کہانی ہے اور قطعا قابل اعتماد نہیں ہے ۔ لہٰذا مسلمانوں کو اِس رسم سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی توحید پر قائم ودائم رکھے اور مشرکانہ عقائد ونظریات سے دور رہنے کی توفیق دے ۔ آمین