کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 24
’’ بے شک یہ عید کا دن ہے جسے اللہ تعالیٰ نے صرف مسلمانوں کیلئے ( عید کا دن ) بنایا ہے ۔ لہذا جو شخص نمازِ جمعہ کیلئے آئے وہ غسل کرے اور اگر خوشبو موجود ہو تو ضرور لگا لے ۔ اور تم پر مسواک کرنا لازم ہے ۔ ‘‘ ایک اور حدیث میں پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے یومِ جمعہ کو تمام دنوں کا سردار قرار دیا اور اسے یومِ عید الاضحی اور یومِ عید الفطر سے بھی افضل بیان فرمایا ہے۔ جیسا کہ حضرت ابو لبابہ بن عبد المنذر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:(( إِنَّ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ سَیِّدُ الْأَیَّامِ ،وَأَعْظَمُہَا عِنْدَ اللّٰہِ ،وَہُوَ أَعْظَمُ عِنْدَ اللّٰہِ مِنْ یَوْمِ الْأضْحٰی وَیَوْمِ الْفِطْرِ، فِیْہِ خَمْسُ خِلاَلٍ : خَلَقَ اللّٰہُ فِیْہَ آدَمَ ، وَأَہْبَطَ اللّٰہُ فِیْہِ آدَمَ إِلَی الْأرْضِ ، وَفِیْہِ تَوَفَّی اللّٰہُ آدَمَ ، وَفِیْہِ سَاعَۃٌ لاَ یَسْأَلُ اللّٰہَ فِیْہَا الْعَبْدُ شَیْئًا إِلاَّ أَعْطَاہُ مَا لَمْ یَسْأَلْ حَرَامًا ، وَفِیْہِ تَقُوْمُ السَّاعَۃُ،مَا مِنْ مَلَکٍ مُقَرَّبٍ،وَلاَ سَمَائٍ،وَلاَ أَرْضٍ،وَلاَ رِیَاحٍ،وَلاَ جِبَالٍ،وَلاَ بَحْرٍ،إِلاَّ وَہُنَّ یُشْفِقْنَ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَۃِ )) [1] ’’ بے شک یومِ جمعہ تمام ایام کا سردار ہے اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ عظمت والا ہے۔اوروہ اللہ تعالیٰ کے ہاں عید الأضحی اور عید الفطر سے بھی زیادہ فضیلت والا ہے ۔اور اس کی پانچ خصوصیات ہیں : ( پہلی یہ کہ) اللہ تعالیٰ نے اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا فرمایا۔ اور ( دوسری یہ کہ ) اللہ تعالیٰ نے اسی دن انہیں زمین کی طرف اتارا ۔ اور ( تیسری یہ کہ ) اللہ تعالیٰ نے اسی دن انہیں فوت کیا ۔ اور ( چوتھی یہ کہ) اس میں ایک گھڑی ایسی ہے کہ اس میں بندہ اللہ تعالیٰ سے جس چیز کا سوال کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے عطا کرتا ہے بشرطیکہ وہ حرام کا سوال نہ کرے۔ اور ( پانچویں یہ کہ ) اسی دن قیامت قائم ہوگی ۔ اور مقرب فرشتے ، آسمان ، زمینیں ، ہوائیں ، پہاڑ اور سمندر۔۔۔ سب کے سب یومِ جمعہ سے ڈرتے ہیں ۔‘‘ ان تمام احادیث مبارکہ میں جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یومِ جمعہ کی اہمیت وفضیلت کوبیان فرمایا وہاں اس کی خصویات کی بھی نشاندہی فرمائی جو بالاختصار یہ ہیں : (۱) یومِ جمعہ کو اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا فرمایا (۲) اسی دن انہیں جنت میں داخل کیا (۳) اسی دن انہیں زمین پر اتارا (۴) اسی دن ان کی توبہ قبول کی (۵) اسی دن ان کی موت آئی (۶) اس دن میں ایک گھڑی ایسی ہے جس میں دعا قبول ہوتی ہے (۷) اور اسی دن صور میں پھونکا جائے گا اور قیامت قائم ہو گی ۔ جمعہ کے روز سب سے اہم عبادت نمازِ جمعہ ہے اور یہ ہر مکلف ، مستطیع پر فرض عین ہے۔ اس کی فرضیت قرآن
[1] سنن ابن ماجہ: 1084 وصححہ الألبانی