کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 235
(( کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم یَجْلِسُ عَلَی الْأَرْضِ وَیَأْکُلُ عَلَی الْأَرْضِ ،وَیَعْتَقِلُ الشَّاۃَ، وَیُجِیْبُ دَعْوَۃَ الْمَمْلُوْکِ عَلٰی خُبْزِ الشَّعِیْرِ )) [1]
’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم زمین پر بیٹھتے اور زمین پر ہی کھانا کھاتے تھے ۔ اور بکری کو باندھتے تھے اور جو کی روٹی پر ایک غلام کی دعوت کو قبول فرماتے تھے ۔ ‘‘
٭ حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ
(( لَمْ یَکُنْ شَخْصٌ أَحَبَّ إِلَیْہِمْ مِنْ رَّسُوْلِ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم وَکَانُوا إِذَا رَأَوْہُ لَمْ یَقُومُوا لِمَا یَعْلَمُوْنَ مِنْ کَرَاہِیَتِہٖ لِذَلِکَ )) [2]
’’ صحایۂ کرام رضی اللہ عنہم کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ کوئی شخص محبوب نہ تھا ، اِس کے باوجود وہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھتے تھے تو کھڑے نہیں ہوتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ آپ کو نا پسند ہے ۔‘‘
یہ اخلاق ہے سید المرسلین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا کہ آپ کو دیکھ کر لوگوں کا کھڑا ہونا آپ کو نا پسند تھا جبکہ آج آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والوں میں سے کسی افسر کے سامنے اس کے ما تحت ملازمین یا کسی ٹیچر کے سامنے اس کے شاگرد کھڑے نہ ہوں تو ’ صاحب ‘ کا مزاج خراب ہو جاتا ہے اور ملازموں اور طالب علموں کی شامت آجاتی ہے ! گویا انھیں یہ بات پسند ہوتی ہے کہ انھیں دیکھ کر لوگ کھڑے ہو جائیں اور سلیوٹ ماریں ۔ برا ہو اِس رذیل صفت کا کہ اس نے کتنے لوگوں کے اخلاق کو بگاڑ دیا ہے !جبکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ ’’ جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر تکبر ہو وہ جنت میں داخل نہ ہو گا ۔‘‘
٭ حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ
(( دَخَلَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم مَکَّۃَ یَوْمَ الْفَتْحِ وَذَقَنُہُ عَلٰی َرحْلِہٖ مُتَخَشِّعًا )) [3]
’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتحِ مکہ کے روز مکہ میں داخل ہوئے تو عاجزی وانکساری کا عالم یہ تھا کہ (آپ جھکے ہوئے تھے اور سواری پر بیٹھے ہوئے ) آپ کی ٹھوڑی کجاوے کو لگ رہی تھی ۔‘‘
یعنی اُس روز آپ متکبرانہ اور فاتحانہ انداز میں نہیں بلکہ نہایت تواضع اور عاجزی کے انداز میں مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے ۔
[1] رواہ الطبرانی فی المعجم الکبیر،وصححہ الألبانی فی الصحیحۃ:2125
[2] سنن الترمذی:2754وصححہ الألبانی
[3] مستدرک ۔ صححہ الحاکم وقال عنہ الذہبی:علی شرط مسلم