کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 232
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم صرف ضرورت سے بچی ہوئی چیزیں ہی نہیں بلکہ اپنی ضرورت کی اشیاء بھی دوسرے لوگوں کو عطا کردیتے تھے ۔یہ اخلاق ہے امام الأنبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ۔ جبکہ آج ہماری حالت یہ ہے کہ ضرورت کی اشیاء تو درکنار ضرورت سے بچی ہوئی چیزیں بھی ہم کسی کو دینے کیلئے تیار نہیں ! 2۔ عاجزی وانکساری نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سید البشر اور امام الأنبیاء ہیں ۔ لیکن اتنے بڑے مرتبہ پر فائز ہونے کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہایت منکسر المزاج اور متواضع انسان تھے ۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں گھل مل جاتے تھے ، ہمیشہ ان کے قریب رہتے تھے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے درمیان کوئی نہ تھا کہ جس کے ذریعے وہ آپ تک پہنچتے بلکہ ہر شخص جب چاہتا اور جہاں چاہتا آپ سے ملاقات کر لیتا ۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت جبریل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران انھوں نے آسمان سے ایک فرشتے کو آتے ہوئے دیکھا ، پھر انھوں نے کہا : یہ فرشتہ جب سے پیدا ہوا ہے اِس سے قبل وہ کبھی نازل نہیں ہوا ۔ جب وہ آگیا تو اس نے کہا : اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ! اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ پیغام دے کر بھیجا ہے کہ آپ ’ بادشاہ نبی ‘بننا چاہتے ہیں یا ایک ’بندہ نبی ‘ بننا چاہتے ہیں ؟ تو حضرت جبریل علیہ السلام نے کہا : (( تَوَاضَعْ لِرَبِّکَ)) ’’اپنے رب کیلئے تواضع اختیار کیجئے ۔‘‘ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( لَا بَلْ عَبْدًا رَسُوْلًا )) ’’ نہیں ، میں بندہ رسول ہی بننا چاہتا ہوں ۔‘‘[1] اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا فرمایا کرتے تھے : (( اَللّٰہُمَّ أَحْیِنِی مِسْکِیْنًا وَأَمِتْنِی مِسْکِیْنًا وَاحْشُرْنِی فِی زُمْرَۃِ الْمَسَاکِیْنِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ )) ’’ اے اللہ ! مجھے اس حال میں زندہ رکھ کہ میں مسکین رہوں اور اسی حال میں مجھے موت دینا اور قیامت کے روز مجھے مسکینوں کے گروہ میں اٹھانا ۔‘‘ ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ دعا کرتے ہوئے سنا تو کہا:اللہ کے رسول!یہ کیوں؟توآپ نے فرمایا: (( إِنَّہُمْ یَدْخُلُوْنَ الْجَنَّۃَ قَبْلَ أَغْنِیَائِہِمْ بِأَرْبَعِیْنَ خَرِیْفًا)) ’’ بے شک وہ مالداروں سے چالیس سال قبل جنت میں داخل ہونگے ۔‘‘
[1] الصحیحہ للألبانی:1002،وصحیح الترغیب والترہیب:3280