کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 223
إِبْرَاہِیْمَ،إِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ،اَللّٰہُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ،کَمَا بَارَکْتَ عَلٰی إِبْرَاہِیْمَ وَعَلٰی آلِ إِبْرَاہِیْمَ،إِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ)) [1]
سب سے افضل درود یہی درود ابراہیمی ہے جو خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو سکھلایا تھا ۔ صحیح احادیث میں اِس درود شریف کے جو بھی الفاظ روایت کئے گئے ہیں ان میں سے جو چاہیں پڑھ سکتے ہیں ۔ اور درود کے سب سے زیادہ بابرکت الفاظ بھی وہی ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی زبانِ مبارک سے نکلے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وحی کے بغیر نہیں بولتے تھے۔جہاں تک مصنوعی درودوں کا تعلق ہے مثلا درود ہزارہ اور درود تاج وغیرہ تو ایسے درود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے درود سے قطعا افضل نہیں ہو سکتے ۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ان مصنوعی درودوں میں وہ الفاظ ہیں جو یقینی طور پر شرکیہ ہیں ۔ لہٰذا ان سے احتراز کرنا از حد ضروری ہے ۔
اور درود بھیجنے کی فضیلت میں کئی احادیث ثابت ہیں ، یہاں ہم چند احادیث ذکر کرتے ہیں :
1۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَنْ صَلّٰی عَلَیَّ وَاحِدَۃً ، صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ بِہَا عَشْرًا)) [2]
’’ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے ۔ ‘‘
2۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مَنْ صَلّٰی عَلَیَّ وَاحِدَۃً،صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ عَشْرَصَلَوَاتٍ،وَحَطَّ عَنْہُ عَشْرَ خَطِیْئَاتٍ،وَرَفَعَ لَہُ عَشْرَ دَرَجَاتٍ)) [3]
’’ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے ،اس کے دس گناہ مٹا دیتا ہے اور اس کے دس درجات بلند کرتا ہے ۔ ‘‘
3۔ حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( مََنْ صَلّٰی عَلَیَّ حِیْنَ یُصْبِحُ عَشْرًا،وَحِیْنَ یُمْسِیْ عَشْرًا،أَدْرَکَتْہُ شَفَاعَتِیْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ [4]))
’’ جو آدمی صبح کے وقت دس مرتبہ اور شام کے وقت بھی دس مرتبہ مجھ پر درود بھیجتا ہے اسے قیامت کے دن میری شفاعت نصیب ہو گی ۔ ‘‘
[1] صحیح البخاری :3370
[2] صحیح مسلم :409
[3] صحیح الجامع:6359
[4] صحیح الجامع:6357