کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 209
’’ کوئی شخص ایسا نہ تھا جو مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ محبوب ہوتا ۔ اور نہ ہی کوئی ایسا تھا جس کا مقام ومرتبہ میری آنکھوں میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ ہوتا ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عظیم مقام و مرتبہ کی وجہ سے میں اس بات کی طاقت نہ رکھتا تھا کہ میری آنکھیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھر جائیں ۔ اور اگر مجھ سے سوال کیا جائے کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات بیان کروں تو میں ایسا نہیں کر سکتا کیونکہ آپ کو دیکھتے دیکھتے میری آنکھیں ہی آپ سے نہیں بھرتی تھیں۔۔۔ ‘‘ نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کا ایک لازمی تقاضا یہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنن ِ مبارکہ کو زندہ کیا جائے اور لوگوں کو ان کی تعلیم دی جائے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : (( إِنَّ الْإِسْلاَمَ بَدَأَ غَرِیْبًا وَسَیَعُوْدُ غَرِیْبًا کَمَا بَدَأَ،فَطُوْبٰی لِلْغُرَبَائِ) قِیْلَ: یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ،وَمَنِ الْغُرَبَائُ؟ قَالَ: (اَلَّذِیْنَ یُحْیُوْنَ سُنَّتِیْ وَیُعَلِّمُوْنَہَا عِبَادَ اللّٰہِ)) [1] ’’ بے شک اسلام کی ابتداء غربت اور بے چارگی میں ہوئی ہے اور یہ عنقریب اسی حالت میں لوٹ آئے گا جیسا کہ اس کی ابتداء ہوئی ہے ۔ لہٰذا غرباء کیلئے خوشخبری ہے ۔ ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ غرباء کون ہوتے ہیں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’جو میری سنت کو زندہ کریں گے اور اللہ کے بندوں کو اس کی تعلیم دیں گے ۔ ‘‘ 4۔ اسوۂ حسنہ پر عمل کرنا امت پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا چوتھاحق یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بہترین نمونہ تصور کرتے ہوئے تمام اقوال وافعال اور زندگی کے ہر شعبے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی جائے ۔ فرمان الٰہی ہے : { لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُوْ اللّٰہَ وَالْیَوْمَ الْآخِرَ وَذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْرًا}[2] ’’ یقینا تمھارے لئے رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) میں عمدہ نمونہ موجود ہے ، ہر اس شخص کیلئے جو اللہ تعالیٰ کی اور قیامت کے دن کی امید رکھتا ہو اور بکثرت اللہ کا ذکر کرتا رہتا ہو ۔ ‘‘ اس آیت سے معلوم ہوا کہ نمونۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو وہی شخص اپنائے گا جس میں دو اوصاف ہو نگے ، ایک یہ کہ وہ
[1] رواہ ابن عبد البر فی صحیح جامع بیان العلم وفضلہ:ص421 وأصل الحدیث فی صحیح مسلم :146 [2] الأحزاب33 :21