کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 200
اُمت پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق
اہم عناصر خطبہ :
اُمت پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق :
1۔اللہ کا بندہ اور رسول ماننا 2۔ توقیرو احترام کرنا 3۔اللہ تعالیٰ کے بعد سب سے زیادہ محبت کرنا
4۔ اسوئہ حسنہ پر عمل کرنا 5۔ اطاعت کرنا 6۔ اختلافی مسائل میں فیصل تسلیم کرنا
7۔ قرآن وحدیث پر عمل کرنا 8۔ زیادہ سے زیادہ درود شریف پڑھنا
محترم حضرات !
سابقہ خطبۂ جمعہ میں ہم امام الأنبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے مقام ومرتبہ ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومعجزات اور آپ کی بعض خصوصیات کا تذکرہ کر چکے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ اتنے عظیم الشان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ان کی امت پر کو ن کون سے حقوق ہیں ؟ توآئیے آج کے خطبۂ جمعہ میں انہی حقوق پر قرآن وحدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔
1۔ اللہ کا بندہ اور رسول ماننا
جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا امت پر سب سے پہلا حق یہ ہے کہ امت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ کا بندہ اور اس کا آخری رسول مانے۔ اوریہی وہ بات ہے جس کا ہر مسلمان کلمہ ٔ شہادت پڑھتے ہوئے اقرار کرتا ہے کہ ’’ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اللہ کے بندے اوراس کے رسول ہیں ۔ ‘‘
ارشاد باری تعالیٰ ہے:{فَآمِنُوْا بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہٖ وَالنُّوْرِ الَّذِیْ أَنْزَلْنَا وَاللّٰہُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ }[1]
’’ لہٰذا تم اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لے آؤ اور اس نور ( قرآن ) پر بھی جو ہم نے نازل کیا ہے ۔اور تم جو کچھ کرتے ہو اللہ اس سے خوب با خبر ہے ۔ ‘‘
اسی طرح اس کا فرمان ہے :
{قُلْ یَا أَیُّہَا النَّاسُ إِنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ إِلَیْکُمْ جَمِیْعَانِ الَّذِیْ لَہُ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْأرْضِ لاَ إِلٰہَ إِلاَّ ہُوَ یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ فَآمِنُوْا بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْأمِّیِّ الَّذِیْ یُؤْمِنُ بِاللّٰہِ وَکَلِمَاتِہٖ وَاتَّبِعُوْہُ لَعَلَّکُمْ تَہْتَدُوْنَ }[2]
[1] التغابن64 : 8
[2] الأعراف7 :158