کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 19
متعلق ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے سلفی بھائی محترم ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد حفظہ اللہ نے ’ زاد الخطیب‘ کے عنوان سے ایک ایسا مجموعہ تیار کردیا ہے جو صد فی صدصحیح روایات پر مبنی ہے ۔نیز انہوں نے قمری سال کے مختلف مہینوں کے اعتبار سے ایسے متعین موضوعات پر خطبات لکھے جن سے ان کی علمی بصیرت اور سنت سے محبت کا اندازہ ہوتاہے ۔بعض خطبات کی طوالت کے پیشِ نظر انہوں نے اسے دو حصص میں تقسیم کر دیا ہے او ریہ بہت موزوں بات ہے تاکہ متعلقہ موضوع کی کامل تفہیم ہو سکے۔ خطبات کا یہ سلسلہ ابھی متعدد مو ضوعات کا احاطہ کرے گا او راس سے مخلوقِ خدا کو دین قیم کی صحیح تصویر ملے گی ۔ان شاء اللہ العزیز۔ محترم ڈاکٹر صاحب نے ہر جگہ ہر بات کو دلیل کے ساتھ درج کیا ہے اور اسکا مناسب حوالہ درج کر دیا ہے۔ جس سے ان خطبات کو ایک علمی وقار اور ثقاہت نصیب ہوئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ خطیب حضرات اس مجموعۂ خطبات سے کما حقہ استفادہ کریں گے اور اس سے عامۃ المسلمین کی اصلاح کا دروازہ کھلے گا۔انہیں دین و شریعت کی صحیح اور درست معلوما ت سننے کو ملیں گی۔شاید بعض لوگوں کو یہ شکایت ہو کہ’’ اس میں کوئی لچھے دار اشعار یا تمثیلی حکایات تو ہیں ہی نہیں ‘‘ توکتاب و سنت کی خالص تعلیمات اور الدین الخالص کی موجودگی میں وضع کردہ روایات اور مبالغہ آمیز حکایات کا کوئی مقام نہیں ہے ۔ مجھے ان خطبات کو جستہ جستہ پڑھنے کی سعادت نصیب ہوئی ہے ۔ میرے نزدیک یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ ائمہ کرام او رخطیبانِ عظام کو کتاب وسنت کی روشنی میں موضوعاتی خطبے ملیں ۔ ان خطبات کی زبان سادہ وسلیس ہے ،انداز نگارش شگفتہ اور متین ہے ،حوالے مستند اور کامل ہیں۔ اپنے موضوع پر جو موازنہ اور معلومات فراہم کی گی ہیں وہ لائقِ داد ہیں۔ اللہ تعالیٰ مصنف ِمذکور کی اس کاوش کو قبول و منظور فرمائے او راس سے خطباء حضرات کو استفادے کی توفیق بخشے ۔ آمین یا رب العالمین ( ۳/مئی ۲۰۰۸ء) پروفیسر عبد الجبار شاکر ڈائریکٹر:دعوہ اکیڈمی وخطیب فیصل مسجد انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی ،اسلام آباد