کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 153
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومعجزات
اور آپ کی خصوصیات
اہم عناصر خطبہ
1۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل
2۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض معجزات
3۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیات
پہلا خطبہ
برادرانِ اسلام ! سید الأنبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم حضرت اسماعیل بن حضرت ابراہیم علیہم السلام کی نسل سے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور اس کے آخری رسول ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کی طرف مبعوث کیا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے ساتھ ہی سلسلۂ نبوت کا اختتام ہو گیا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام انبیاء علیہم السلام پر فضیلت اور برتری حاصل ہے۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا مرتبہ بھی دوسری تمام امتوں سے زیادہ ہے ۔اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری کو لازم قرار دیا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو وہ خصوصیات حاصل ہیں جو کسی اور نبی کو حاصل نہیں۔بنا بریں آئیے اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومعجزات اور آپ کی بعض خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہیں ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام اور آپ کے فضائل
(۱) اعلی نسب
آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم اپنے نسب ( خاندان ) کے اعتبار سے اعلی وارفع مقام رکھتے ہیں۔
جیسا کہ حضرت واثلۃ بن الأسقع رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
(( إِنَّ اللّٰہَ اصْطَفٰی کِنَانَۃَ مِنْ وَّلَدِ إِسْمَاعِیْلَ،وَاصْطَفٰی قُرَیْشًا مِّنْ کِنَانَۃَ، وَاصْطَفٰی مِنْ قُرَیْشٍ بَنِیْ ہَاشِمٍ،وَاصْطَفَانِیْ مِنْ بَنِیْ ہَاشِمٍ)) [1]
[1] صحیح مسلم :2276