کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 15
تقریظ از جناب ڈاکٹر مقتدی حسن ازہری صاحب رحمہ اللہ سابق صدر جامعہ سلفیہ ، بنارس ، الہند زیر نظر تحریر کے ذریعہ ایام وشہور کی رعایت کے ساتھ دینی خطابت کے موضوع پر تیار کی گئی ایک اہم اور مفید کتاب ’’ زاد الخطیب ‘‘ کا مختصر تعارف مقصود ہے جو ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد حفظہ اللہ کی تالیف ہے اور اسے لجنۃ القارۃ الہندیۃ ( جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی ، کویت ) کی سر پرستی وحوصلہ افزائی حاصل ہے ۔ کسی بھی تصنیفی عمل کا ایک فنی پہلو ہوتا ہے جس میں اصولِ تنقید کی روشنی میں بات کی جاتی ہے ۔ آج کے دور میں صاف ستھرا دینی وعلمی کام کرنے والے حضرات کی کمی ہے اس لئے ایسے کام کی حوصلہ افزائی ملت کا فرض ہے ۔ نشترِ تحقیق وتصویب کو آزمانے کا مقام اور ہوتا ہے ، زاد الخطیب پر میری گذارشات کو مذکورہ امر کی رعایت کے بعد پڑھنا چاہئے ۔ خطباتِ جمعہ کیلئے موضوع کا مسئلہ اہم ہوتاہے ، محترم حافظ صاحب نے اس کا ذکر کیا ہے اور انھوں نے موضوع کے انتخاب اور وقت کے ساتھ ان کی مناسبت میں دیدہ وری سے کام لیا ہے ۔ ان کے منتخبہ عناوین کا مومن کی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ ہر عنوان کے ذیل میں جن باتوں کو پیش کیا گیا ہے ان کا جاننا مسلمانوں کیلئے ضروری ہے ۔ ان عناوین میں عبادات ، معاملات ، اخلاق وتزکیہ اور سیرت طیبہ کو اہمیت حاصل ہے ۔ ٭ ارکانِ اسلام پر گفتگو تشفی بخش ہے ۔ سامعین ایسے خطبات کو سن کر ارکان کی ادائیگی کے طریقے ، ضروری جزئیات اور ارکان کے فضائل وفوائد سے واقف ہو سکیں گے ۔ ٭ زکاۃ کے رکن اور انفاق فی سبیل اللہ پر اس طرح روشنی ڈالی ہے کہ نصاب ، مصارف اور دیگر جزئیات کی وضاحت کے ساتھ ساتھ اسلام کا مالیاتی نظام اور اصل نقطۂ نظر واضح ہو گیا ہے ۔ ٭ مخالفینِ اسلام نے دہشت گردی کے مسئلہ کو اسلام سے جوڑ کر اذہان کو مسموم کر دیا ہے۔ زاد الخطیب کے موضوعات میں مؤلف نے اس بات کا بھی لحاظ رکھا ہے کہ قرآن وحدیث کی ان تعلیمات کو سامنے لایا جائے جن سے دنیا امن کا گہوارہ بنے اور انسانی معاشرہ میں الفت وبھائی چارہ کو فروغ ملے ۔ ٭ مؤلف کا طویل موضوعات کے سلسلہ میں یہ التزام ہے کہ ضروری تفصیلات کے ساتھ ساتھ موضوع کا خلاصہ پیش کردیا جائے تاکہ سامعین کو تشنگی کا احساس نہ ہو ۔ سیرت طیبہ اور اخلاق نبوی وغیرہ موضوعات میں اسے دیکھا جا سکتا ہے ۔ ٭مؤلف کے التزام میں یہ بات بھی ہے کہ موضوع پر بحث سے پہلے اس کے ضروری عناصر کی نشاندہی کر