کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 149
ایمان رکھنے والا اور ستاروں کی تاثیر سے انکار کرنے والا ہے ۔ اور جس نے یہ کہا کہ ہم پر فلاں فلاں ستارے کی وجہ سے بارش نازل ہوئی ہے تو اس نے مجھ سے کفر کیا اور ستاروں پر ایمان لے آیا ۔ ‘‘ اِس حدیث سے ثابت ہوا کہ جو شخص موسمی حالات میں ستاروں کی تاثیر کا قائل ہو وہ اللہ تعالیٰ سے کفر کرنے والا ہے ۔ اسی طرح وہ شخص ہے جو کسی کی قسمت پر ستاروں کی تاثیر کا قائل ہو۔ نجومیوں کے بارے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح طور پر فرما دیا ہے کہ ان لوگوں کا اسلام اورمسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں۔اسی طرح وہ بھی جو ان لوگوں کے پاس جائے اور ان کے سامنے اپنی مشکلات بیان کرے تاکہ وہ ستاروں وغیرہ کے ذریعے ان کا حل ڈھونڈیں ۔ اِرشاد ہے: (( لَیْسَ مِنَّا مَنْ تَطَیَّرَ أَوْ تُطِیِّرَ لَہُ،أَوْ تَکَہَّنَ أَوْ تُکِہِّنَ لَہُ،أَوْ سَحَرَ أَوْ سُحِرَ لَہُ)) [1] ’’ وہ شخص ہم میں سے نہیں جو بد شگونی لے یا جس کیلئے بد شگونی لی جائے ۔ یا جو ( علم نجوم کے ذریعے ) کہانت کرے یا جس کیلئے کہانت کی جائے ۔ یا جو جادوکرے یا جس کیلئے جادو کا عمل کیا جائے ۔ ‘‘ اور اسی لئے اُن لوگوں کے پاس جانا اور ان سے قسمت کے احوال کے بارے میں سوال کرنا حرام بلکہ شرک اصغرہے جو ستاروں کے ذریعے یا ہاتھوں کی لکیروں کو دیکھ کر قسمت کے احوال کے بارے میں پیشین گوئیاں کرتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کے پاس جانا اور ان سے اِس طرح کے سوالات کرنا اتنا سنگین جرم ہے کہ ایسا کرنے والے کی چالیس دن کی نمازیں اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل قبول نہیں ہوتیں ۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادہے : (( مَنْ أَتٰی عَرَّافًا فَسَأَلَہُ عَنْ شَیْئٍی لَمْ تُقْبَلْ لَہُ صَلاَ ۃُ أَرْبَعِیْنَ لَیْلَۃً )) [2] ’’ جو شخص کسی کاہن یا نجومی کے پاس جائے اور اس سے کسی چیز کے متعلق سوال کرے تواس کی چالیس راتوں کی نماز قبول نہیں کی جاتی ۔ ‘‘ اور ایسے لوگوں کے پاس جا کر ان سے سوال کرنے اور وہ جو کچھ کہیں اس کی تصدیق کرنے والا شخص ایسے ہے جیسے اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پراتری ہوئی شریعت سے انکار کردیا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں: (( مَنْ أَتٰی عَرَّافًا أَوْ کَاہِنًا فَصَدَّقَہُ بِمَا یَقُوْلُ فَقَدْ کَفَرَ بِمَا أُنْزِلَ عَلٰی مُحَمَّدٍ صلي اللّٰه عليه وسلم )) [3]
[1] السلسلۃ الصحیحۃ :2195 [2] صحیح مسلم:2230،صحیح الجامع للألبانی:5940 [3] صحیح الجامع للألبانی:5939