کتاب: زاد الخطیب (جلد1) - صفحہ 14
سرانجام دیا ہے ۔ انھوں نے ’’زاد الخطیب‘‘ کے نام سے خطباتِ جمعہ مرتب کیے ہیں جو مذکورہ خصوصیات ہی کے حامل ہیں۔تقبل اللّٰه سعیہ وبارک فی عمرہ وجہودہ (آمین) یہ خطبات جامع بھی ہیں اور مفصل بھی۔ہر موضوع کا مناسب حق ادا کیا گیا ہے ،کوئی اہم پہلو تشنہ نہیں چھوڑا گیا ہے ۔ایک ایک موضوع پر اتنا علمی مواد مناسب ترتیب کے ساتھ جمع کردیا گیا ہے کہ اس موضوع کو دودو تین تین خطبوں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے ۔ اس اعتبار سے یہ مجموعۂ خطبات ،علماء و خطباء کے لیے بلا شبہ ایک نعمت غیر مترقبہ ،ایک ارمغان علمی،علوم و معارف کا ایک گنجینہ او رآیاتِ قرآنیہ اور احادیث صحیحہ کا ایک خزینہ ہے۔ میں وقت کی اس نہایت اہم ضرورت کی تکمیل اور فاضلانہ تالیف پر اپنے عزیز دوست ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد حفظہ اللہ کو بھی ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کے لیے بھی کلماتِ تحسین وتشکر ، کہ اس کی ہدایت اورتعاون سے یہ مہتم بالشان کام پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ جزاہم اللّٰه عنا وعن جمیع المسلمین خیر الجزاء ونفع اللّٰه بہ جمیع أہل الاسلام نفعا تاما (حافظ صلاح الدین یوسف) ربیع الثانی ۱۴۲۹ھ