کتاب: وسیلہ کی شرعی حیثیت - صفحہ 342
حافظ جوزجانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : غَالٍ مِّنَ الشَّتَّامِینَ لِلْخِیَرَۃِ ۔ ’’غالی رافضی تھااور صحابہ کرام پر سب و شتم کرنے والوں میں سے تھا۔‘‘ (أحوال الرّجال : 90) امام دارقطنی رحمہ اللہ (الضعفاء والمتروکین :195)اور امام نسائی رحمہ اللہ (کتاب الضعفاء المتروکین :146)نے ’’لیس بالقوی‘‘ کہا ہے۔ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ھُوَ شِیعِيٌّ جَلْدٌ، وَضَعَّفَہٗ غَیْرُ وَاحِدٍ ۔ ’’کٹر شیعہ تھا۔ کئی محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے۔‘‘ (البِدایۃ والنّہایۃ : 6/86) حافظ ہیثمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ضَعَّفَہُ الْجُمْھُورُ ۔’’جمہور محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے۔‘‘ (مَجمع الزّوائد : 6/82، 9/102) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ’’ضعیف‘‘ کہا ہے۔(فتح الباري : 6/467) حافظ سیوطی رحمہ اللہ کہتے ہیں : حُسَیْنٍ الْـأَشْقَرُ مُتَّھَمٌ ۔ ’’حسین اشقر متہم بالکذب ہے۔‘‘(ذیل الأحادیث الموضوعۃ، ص 58) 2.اعمش ’’مدلس‘‘ ہیں ، سماع کی تصریح نہیں کی۔