کتاب: وسیلہ کی شرعی حیثیت - صفحہ 276
اکثر تو ایسی ہیں ، جن میں فوت شدگان اور دیگر نیک ہستیوں کی ذات کے وسیلے کا تذکرہ تک نہیں ، لیکن بعض لوگ سلف صالحین کے فہم کو چھوڑتے ہوئے ان سے اپنے خاطی وسیلے کے اثبات کے لیے کوشش کرتے ہیں ۔ دوسری وہ روایات ہیں ، جن میں ذات کے وسیلے کا تذکرہ تو ہے، لیکن وہ موضوع، من گھڑت اور ضعیف و ناقابل حجت ہیں ۔ ایسی روایات پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ دین سند کا نام ہے۔ اگر ایک بھی صحیح سند رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچ جائے، تو شرعی امر کا اثبات ہو جاتاہے ، لیکن اگر کوئی صحیح سند نہ مل سکے، تو لاکھوں موضوع، من گھڑت اور ضعیف روایات بھی مل کر کسی چیز کو مشروع قرار نہیں دے سکتیں ۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حق کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین!