کتاب: وبائی امراض سے بچاؤ کی دس نصحیتیں - صفحہ 2
سے یاد دہانی کے طور پر یہ مفید نصیحتیں پیش خدمت ہیں ۔
اللہ سے ہماری یہ دعا ہے کہ وہ ہم سے اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں سے ہر مصیبت و آزمائش اور اِس سختی و بیماری کی شدت کو دور فرمادے، اور اس طرح ہماری مدد فرمائے جس طرح اپنے نیک بندوں کی مدد فرماتا ہے۔یقینا وہی اس کا نگران ہے اور وہی اس پر قادر ہے۔
1۔پہلی نصیحت: مصیبت نازل ہونے سے پہلے کی دعا کا اہتمام کرنا
سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو شام کے وقت تین مرتبہ یہ پڑھ لے:
﴿ بِسْمِ اللّٰهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيم ﴾
ترجمہ:’’ اللہ کے نام کے ساتھ (میں پناہ مانگتا ہوں )، جس کے نام کی برکت سے زمین و آسمان میں کوئی چیز بھی نقصان نہیں پہنچا سکتی، اور وہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے۔‘‘ [1]
تو صبح تک اُسے کوئی بھی اچانک مصیبت نقصان نہیں پہنچائے گی۔ اور جو صبح کے وقت تین مرتبہ یہ پڑھ لے تو شام تک اُسے کوئی بھی اچانک مصیبت نقصان نہیں پہنچائے گی۔
نوٹ: چوبیس گھنٹے اچانک مصیبت سے محفوظ رہنے کا یہ وظیفہ ہے۔
[1] صحیح۔ سنن ابو داود:کتاب الأدب، باب ما یقول إذا أصبح، حدیث 5088۔ جامع الترمذي: کتاب الدعوات، باب ما جاء في الدعاءإذا أصبح وإذا أمسی، حدیث:3388