کتاب: والدین کا احتساب - صفحہ 15
کتاب کی تیاری میں پیش نظر باتیں: مولائے علیم وحکیم کے فضل وکرم سے کتاب کی تیاری میں درج ذیل باتوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کی گئی ہے: ۱: اس کتاب کی بنیاد اور اساس کتاب وسنت ہے۔ ۲: احادیث شریفہ کو ان کے اصلی مراجع سے نقل کیا گیا ہے۔صحیحین کے علاوہ دیگر کتب سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے حدیث کے اقوال ذکر کیے گئے ہیں۔صحیحین کی احادیث کے ثبوت پر اجماع امت کے سبب ان کے بارے میں اہل علم کے اقوال پیش نہیں کیے گئے۔[1] ۳: آیات کریمہ اور احادیث شریفہ سے استدلال کرتے وقت کتب ِ تفسیر اور شروحِ حدیث سے استفادے کی مقدور بھر کوشش کی گئی ہے۔ ۴: اس موضوع کے بارے میں متقدمین اور متاخرین علمائے امت کی تحریروں سے تاحد ِ استطاعت مستفید ہونے کی سعی کی گئی ہے۔ ۵: کتاب کے آخر میں مراجع کے بارے میں تفصیلی معلومات ذکر کر دی گئی ہیں تاکہ مراجعت کرنے والے حضرات کو ان تک رسائی میں دقت نہ ہو۔ خاکۂ کتاب: مولائے رحمن ورحیم کی توفیق سے کتاب کی تقسیم درج ذیل طریقے سے کی گئی ہے: - پیش لفظ - مبحث اوّل:احتسابِ والدین کی شرعی حیثیت - مبحث ثانی:احتسابِ والدین کے درجات اور آداب - خاتمہ
[1] ملاحظہ ہو:مقدمۃ النووي شرحہ علی صحیح مسلم ص۱۴؛ونزھۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر للحافظ ابن حجر ص۲۹۔