کتاب: والدین کا احتساب - صفحہ 107
۴: والدین کے متعلق برائی کو ہاتھ سے بدلنے کے متعلق بندہ پر تقصیر درج ذیل نتائج پر بتوفیق ِ الٰہی پہنچا ہے۔ ا:… اولاد احتساب کی ابتدا والدین سے متعلقہ برائی کی قباحت اور سنگینی کے بیان سے کرے، نیز نرمی، تواضع اور ادب واحترام سے اس برائی کے خطرناک اور تباہ کن نتائج کو واضح کرے۔ ب:… خیر وشر سے آگاہی، اور وعظ ونصیحت کے ذریعے احتساب کی ناکامی کی صورت میں ہاتھ کے ساتھ برائی کے ازالے کے لیے صرف بقدرِ ضرورت کارروائی کرے۔ ج:… ہاتھ کے ساتھ برائی کو بدلنے کی صورت میں متوقع نتائج کو پیش نظر رکھے۔اگر اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابیاں، مصالح سے زیادہ ہوں تو ہاتھ کے ساتھ برائی کا ازالہ کرنا ناجائز ہو گا۔ مسلمانانِ عالم سے اپیل: روئے زمین کے مسلمانوں سے پُر زور اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے والدین کے احتساب کا شدت سے اہتمام کریں۔علاوہ ازیں ان کے احتساب کے دوران اسلامی آداب کی سختی سے پابندی کریں۔ ساری دنیا کے مسلمان والدین سے بھی مودبانہ گزارش ہے کہ وہ اپنی اولاد کی حق بات کو توجہ اور دھیان سے سنیں، ان کے احتساب کو انشراح صدر اور خندہ پیشانی سے قبول کریں، بلکہ ان کی اس سلسلے میں حوصلہ افزائی کریں، شاید کہ اللہ تعالیٰ ان کے اس طرزِ عمل کی وجہ سے امت میں [امر بالمعروف اور نہی عن المنکر] کا چلن فرما دے، اور امت نازل شدہ مصائب سے نجات پا جائے، اور آخرت میں بھی عذاب الٰہی سے