کتاب: اصول حدیث - صفحہ 91
چھ أمہات(کتب )
اس وصف کا اطلاق ان چھ کتابوں پر ہوتا ہے:
٭ صحیح بخاری ٭ صحیح مسلم
٭ سنن نسائی ٭ سنن ابی داؤد
٭ سنن ترمذی ٭ سنن ابن ماجہ
٭ صحیح بخاری :
اس کے مؤلف نے اس کا نام ’’الجامع الصحیح‘‘[1] رکھاتھا۔ اسے چھ لا کھ احادیث میں سے منتخب کیاگیا ہے۔
امام صاحب رحمہ اللہ نے اس کتاب کے جمع کرنے اور اس کی تہذیب و تنقیح اور صحت کی جانچ پڑتال میں بہت ہی مشقت اٹھائی ۔یہاں تک کہ آپ اس میں کوئی حدیث اس وقت تک درج نہ کرتے جب تک غسل کرکے دو رکعت نماز نہ پڑھ لیتے ‘ پھر اس حدیث کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے استخارہ کرتے ۔
اس میں کسی مسند حدیث کو درج نہیں کیا سوائے ان احادیث کے جو متصل سند کیساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہوں ۔ اور اس کے راویوں میں ’’ عدالت اور تام الضبط ہونے کی شروط متوفر ہوں ۔ آپ نے اپنی اس تالیف کو سولہ سال کے عرصہ میں مکمل کیا ۔ پھر اسے امام احمد بن حنبل ‘ یحي بن معین ‘ علی المدینی رحمۃ اللہ علیہم اور دوسرے مشائخ پر پیش کیا ۔ جنہوں نے اس کی صحت کی گواہی دی ، اور اسے بہت اچھا کہا۔
[1] اس کتاب کا پورا نام’’ الجامع المسند الصحیح من حدیث رسول اللّٰہ صلي اللّٰہ عليه وسلم وسننہ و أیامہ‘‘ ہے۔