کتاب: اصول فقہ(عثیمین) - صفحہ 119
اجتہاد
اجتہاد کی تعریف :
لغت میں : کسی مشکل معاملہ کے پانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرنے کا نام ہے۔
اصطلاح میں …:
’’بذل الجہد لإدراک ِ حکم شرعی۔‘‘
’’ کسی شرعی حکم کے جاننے کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لانے کا نام ہے ۔‘‘
مجتہد:
’’ جو اس کام کے لیے اپنی محنت ( کوشش ) صرف کرے ۔‘‘
اجتہاد کی شروط :
اجتہاد کے لیے شرائط ہیں ‘ ان میں سے :
۱: یہ کہ[مجتہد] ان ادلہ شرعیہ کو جانتا ہو جن کی اسے اپنے اجتہاد میں ضرورت ہے ‘ جیسے آیات ِ احکام او ران سے متعلق احادیث اور دیگر امور کا علم ۔
۲: یہ کہ حدیث کے صحیح اور ضعیف ہونے کے لیے متعلقہ امور جانتا ہو ‘ جیسے اسناد اور رجال کی معرفت وغیرہ۔
۳: ناسخ اور منسوخ اور اجماع کے مواقع جانتا ہو ‘ تاکہ منسوخ پر یا اجماع کے مخالف حکم نہ لگائے۔
۴: ان دلائل کو جانتا ہو جن سے حکم بدل جاتا ہے ‘ جیسے تخصیص ‘ تقیید، اور اس طرح کے امور ، تاکہ ان کے مخالف کے مطابق حکم نہ لگائے۔