کتاب: اصول فقہ (محمد علی ) - صفحہ 43
کھانے سے اس کی ہلاکت کا یقین ہو جائے، تب اس پر حرام یہ ہو گا کہ وہ اپنے آپ کو اسے کھانے سے باز رکھے اور اس پر یہ کھانا واجب ہو جائے گا۔ اس صورت میں اس نے رخصت پر نہیں بلکہ حقیقت میں عزیمت پر عمل کیا، کیونکہ اگر کوئی مباح عمل حرام کا وسیلہ بنے تو وہ بھی حرام ہے، شرعی قائدہ ہے : الوسیلۃ إلی الحرام حرام)حرام کا وسیلہ بھی حرام ہے)۔ یہ قائدہ تمام مباحات پر لاگو ہوتا ہے صرف رخصت پر ہی نہیں۔ پس رخصت مباح ہے، لیکن اگر اس کا ترک اور عزیمت پر عمل، حتمی طور پر حرام تک پہنچائے، تو مباح پر عمل حرام ہو گا۔ عزیمت کا حکم عام ہے اس لئے عام طور پر اسی پر عمل واجب ہو گا۔ صرف اس صورت میں جب کوئی شرعی عذر واقع ہو، تو اس میں رخصت معتبر ہو گی اور اس پر عمل جائز ہو گا۔ البتہ جونہی یہ عذر زائل ہو جائے تو یہ معاملہ عزیمت کی طرف لوٹ آئے گا اور دوبارہ اس)عزیمت) پر عمل کرنا لازم ہو گا۔ چونکہ یہ معین اعذار معین احکام کے لئے، اپنے شرعی دلائل کے ساتھ وارد ہوئے ہیں اور ان میں کوئی شرعی علت نہیں پائی گئی، اس لئے انہیں دوسرے مسائل پر قیاس نہیں کیا جائے گا۔ لہذا یہ نہ کہا جائے کہ سفر میں قصرِ نماز کی علت مشقت ہے اور پھر اس کے نتیجہ میں جس موقع پر مشقت پائی جائے تو نماز کی تقصیر جائز ہو جائے گی۔ یہ اس لئے کیونکہ اس معاملے میں ’’مشقت‘‘ نہیں بلکہ’’ سفر‘‘ علت ہے کیونکہ شارع نے نصوص میں اسے علت بیان کیا ہے ﴿ مَن كَانَ ﴾إلی قولہ﴿ عَلَىٰ سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ﴾(تم میں سے جو شخص ..... مسافر ہو،اسے دوسرے دنوں میں یہ گنتی پوری کرنی چاہیے )۔ ’’مشقت‘‘ علتِ قاصرہ ہے کیونکہ یہ ممکن ہے کہ کوئی شخص گاڑی میں سفر کرے جس کی وجہ سے اس میں کوئی مشقت نہ پائی جائے، مگر اس کے لئے نماز کی قصر مباح ہو گی کیونکہ علت پائی گئی ہے جو کہ’’ سفر‘‘ ہے۔ اسی طرح اگر کوئی شخص صحرا میں مقیم ہو اور وہاں شدید گرمی پڑے، تو مشقت کے باوجود وہ نماز کی قصر نہیں کر سکتا، اس کے لئے پوری نماز پڑھنا واجب ہو گا۔ ہاں اگر وہ شدید گرمی میں صحرا میں مسافر ہے تو اس کی قصر جائز ہو گی، مگر مشقت کی وجہ سے نہیں بلکہ سفر کی وجہ سے۔ لہذا رخصت اپنے مخصوص حکم تک محدود رہے گی اور اس کا، کسی صورت میں، دوسرے احکام میں اعتبار نہیں کیا جائے گا۔ مثلاً پہلی آیت میں ’’ اندھے پن‘‘ کے عذر کو جہاد کے ترک کی رخصت بیان کیا گیا ہے، لیکن یہ نماز کے ترک کا عذر نہیں ہے اور اسی طرح تمام رخصت کو دیکھا جائے گا۔