کتاب: اصول فقہ (محمد علی ) - صفحہ 114
ما حصل
اصولِ فقہ کی اس بحث کے بعد، اجتہاد کی کیفیت و طریقۂ کار( methodology) اور شریعتِ اسلامی کی عالمیت کا ادراک کیا جا سکتا ہے اور اصولِ فقہ کی اہمیت کا بھی۔ عالمیت سے یہ مراد ہے کہ کس طرح شرعی نصوص خالص تشریعی نصوص ہیں، یعنی یہ مفصل ہونے کے باوجود اپنی نو ویت میں عام ہیں جس کی وجہ سے ان سے، روزِ قیامت تک، بے شمار اصول، قواعد، تعریفات، عام اور جزوی احکام اخذ کیے جا سکتے ہیں، جو انسان کی زندگی کے تمام موجودہ اور آئندہ مسائل کا احاطہ کریں۔ شرعی نصوص کی یہی وسعت اور ان کی بے شمار مسائل پر منطبق ہونے کی اہلیت ہی شریعتِ اسلامی کی عالمیت کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ یہ نصوص فکر کے لئے انمول ہیں اور ایک ایسی زرخیز زمین کی طرح ہیں، جو مجتہد کی فکری کاشت کے لئے بہترین ہیں۔ نیز فقط یہی شریعت انسان کے مسائل کا صحیح حل پیش کرتی ہے اور انشا اللہ تعالیٰ عنقریب خلافت کے ذریعے اس کا نفاذ اس امر پر گواہی دے گا۔
٭٭٭
تشکر: اردو ہوم ڈاٹ کام
پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید