کتاب: اصول فقہ (محمد علی ) - صفحہ 113
2) متبع : یہ وہ ہے جسے بعض معتبر تشریعی علوم کی معرفت حاصل ہوتی ہے لیکن اجتہاد کے لئے کافی نہیں اور یہ مجتہد کی تقلید دلیل کی بنیاد پر کرتا ہے یعنی جو کچھ دلیل سے اس کے سامنے ظاہر ہوتا ہے۔ یہ دلیل پر اپنے اعتماد کی بنیاد پر کسی مجتہد کی تقلید کرتا ہے۔ یہ بات ظاہر ہے کہ متبع کو عامی پر فضیلت حاصل ہے کیونکہ اتباع درجۂ اجتہاد تک پہنچاتا ہے۔ اتباع میں دلائل سے گہری واقفیت ہونا ایمان کی پختگی کا باعث بنتا ہے اور امت کی نشاۃِ ثانیہ کا وسیلہ بھی کیونکہ آگاہی و شعور کی بنیاد پر زندگی کے تمام مسائل کو مبداء کی طرف واپس بھیجنے اور اس پر عمل کرنے ہی کا نام نشاۃِ ثانیہ ہے۔