کتاب: توحید باری تعالیٰ سے متعلقہ شکوک وشبہات کا ازالہ - صفحہ 9
تقدیم اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وَکَفیٰ وَسَلَامٌ عَلیٰ عِبَادِہٖ الَّذِیْنَ اصْطَفیٰ،اَمََّا بَعْدُ: آج کل لوگ عقیدۂ صافیہ توحید کے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کا شکار ہوچکے ہیں۔مشرکین نے شکوک وشبہات کا جال پھیلارکھا ہے اور اسلامی تعلیمات سے بے بہرہ افراد اس دامِ ہمرنگِ زمین میں شاداں وفرحاں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ایسے لوگوں کی رہنمائی کے لیے تحریک احیائے دین میں امام ابن تیمیہؒ کے خلف صدق اور سرگرم وصحیح جانشین شیخ الاسلام محمد بن سلیمان التمیمی رحمہ اللہ نے کئی کتابیں لکھی ہیں جن کا موضوع اور مرکزی نقطہ،توحید کی تعلیم‘اس کی دعوت اور اس پر کیئے گئے شبہات کا ازالہ ہے۔ ’’کشف الشبہات ‘‘اپنے موضوع پر مختصرترین مگر نہایت مفید کتاب ہے ۔جس کا ترجمہ ہمارے برادرِمکرّم جناب محمد منیر صاحب قمر سیالکوٹی نے کیا ہے جو آپ کے ہاتھوں میں ہے۔فاضل مترجم نے کتاب کو بڑی آسان فہم‘سلیس اور رواں دواں اُردوزبان میں منتقل کرکے ترجمہ کا حق ادا کردیا ہے۔موصوف نے آخرمیں صاحب ِ کتاب کے حسین نامۂ اعمال کی بعض جھلکیاں،متن میں ذیلی عنوانات اورضمیمہ میں(محمّدُرَّسولُ اللّٰہ)کا مطلب اور ذکر وردِّبدعات کا اضافہ کرکے کتاب کی اہمیت وافادیت کو دوبالاکردیا ہے۔فَجَزَاہُ اللّٰہُ فِی ا لدَّارَیْنِ وَزَادَہ‘ فِی خِدْمَۃِ الدِّیْنِ۔ کَتَبَہٗ: حافظ مقبول احمد [1] ۷؍۸؍۱۴۰۰ھ
[1] موصوف مرکز الدعوۃ والارشاد دبئی کے مبلّغ اور شارجہ میں مقیم تھے اور ۱۴۱۵؁ھ میں وفات پاگئے ۔ رَحِمَہ‘ اللّٰہُ رَحْمَۃً وَاسِعَۃً(مترجم)