کتاب: توحید باری تعالیٰ سے متعلقہ شکوک وشبہات کا ازالہ - صفحہ 8
ترجمہ توثیق حمد وثناء باری تعالیٰ اور صلوٰۃ وسلام بر نبی ٔ خیرالانام اور آل وصحابہ کرام کے بعد: میں نے کشف الشبہات کے اردو ترجمہ کا مطالعہ کیا تو اسے بہت عمدہ اور مفید پایا کیونکہ یہ کتاب عقیدہ صحیحہ کے حقائق کا انکشاف کرتی ہے اور اس عقیدے کو خراب کرنے والے امور سے اسکا دفاع کرتی ہے،جبکہ کوئی بھی عمل جو صحیح عقیدہ کی بنیاد پر نہ کیا گیا ہو وہ عمل باطل وبیکار ہوتا ہے جیسا کہ ارشادِ الٰہی ہے: ﴿اِنَّ اللّٰہَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُشْرَکَ بِہٖ وَیَغْفِرُ مَادُوْنَ ذَالِکَ لِمَنْ یَّشَآئُ﴾(النسآء:۴۸) ’’بیشک اللہ اِس گناہ کو نہیں بخشے گا کہ کسی کو اُسکا شریک بنایا جائے اور اِسکے سوا دوسرے گناہ جس کو چاہے بخش دے۔‘‘ غرض مشرک کا عمل مردود ونا مقبول ہوتا ہے اگرچہ وہ کتنے ہی عمل کیوں نہ کرے،جیساکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿وَقَدِمْنَا اِلیٰ مَا عَمِلُوْا مِنْ عَمَلٍ فَجَعَلْنَاہُ ھَبَآئً مَّنْثُوْراً﴾ ’’اور انہوں نے جو عمل کیئے ہونگے ہم ان کی طرف متوجہ ہونگے تو انکو اڑتی خاک کردیں گے۔‘‘(الفرقان:۲۳) اس کتاب کا اردو ترجمہ کرنے والے مترجم کے لیے اللہ سے دعاء ہے کہ وہ اسے دائمی توفیق ِ خیر سے نوازے اور اس کے اس عمل پر اسے اجروثواب عطا فرمائے۔ وَصَلَّی اللّٰہُ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَعَلٰی آلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ۔ عمر بن عبدالعزیز العثمان،مدیر مرکز الدّعوۃ الاسلامیہ وَالارشاد،دبئی(متحدہ عرب امارات)